کورونا وائرس: تھائی لینڈ نے تمام بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دیں

مصری فوجی وفد کے کچھ اراکین نے قرنطینہ کی خلاف ورزی کی تھی جس کے بعد تھائی لینڈ حکام نے تمام بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ خبر ایجنسی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر بدھ 15 جولائی 2020 06:42

کورونا وائرس: تھائی لینڈ نے تمام بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دیں
بینکاک (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جولائی 2020ء) تھائی لینڈ نے تمام بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دیں۔ مصری فوجی وفد کے کچھ اراکین نے قرنطینہ کی خلاف ورزی کی تھی جس کے بعد تھائی لینڈ حکام نے تمام بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تھائی حکام نے ملک میں تمام بین الاقوامی پروازوں کو منسوخ کر دیا ہے۔ عمومی طور پر دیکھا جائے تو تھائی لینڈ کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جو مہلک کورونا وائرس سے کسی حد تک محفوظ ہیں۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق تھائی لینڈ میں کورونا سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 100 سے بھی کم ہے اور اب تک مجموعی طور پر محض 3 ہزار 200 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، تاہم صورت حال قابو میں ہونے کے باوجود حکام کورونا جیسے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہیں۔

(جاری ہے)

 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق تھائی حکام نے تمام غیر ملکی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حکام کی جانب سے پروازوں کی منسوخی کا فیصلہ اس وقت منظر عام پر آیا جب مصر سے آئے ایک فوجی وفد کے کچھ اراکین قرنطینہ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، خبر ایجنسی کے مطابق بعدازاں ایک فوجی کا کورونا ٹیسٹ مثبت بھی آیا تھا۔ تھائی اہلکار نے بتایا کہ مصری وفد کے 31 اراکین پر مشتمل وفد نے شاپنگ مال کا دورہ کیا، حکام نے بتایا کہ شاپنگ مال میں موجود 1 ہزار 900 لوگوں کو بھی قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ تھائی لینڈ میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 3 ہزار 200 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد محض 60 ہے۔