سعودی وزیر خارجہ کی مصری صدرسے ملاقات

منگل 28 جولائی 2020 12:33

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2020ء) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے مصر کے دورے کے دوران مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اپنے مصری ہم منصب سامح شکری سے ملاقات کی۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق اس ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں جاری تنازعات کے حل میں مصر نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے، سعودی عرب کے لیے مصر تزویراتی اہمیت کا حامل اتحادی ہے۔

سعودی وزیر خارجہ نے صدر عبد الفتاح السیسی کے ساتھ دونوں ممالک کی مشترکہ قومی سلامتی کے اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ مصر ہمیشہ خطے میں مملکت کا بنیادی شراکت دار رہے گا۔ادھر مصری ایوان صدر کے ترجمان سفیر بسام راضی نے کہا کہ صدر نے سعودی وزیر برائے امور خارجہ کا خیرمقدم کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے مصر کے لیے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا۔

اس موقعے پر مصری صدر نے سعودی قیادت بالخصوص شاہ سلمان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔مصری صدر نے مصر سعودی تعلقات کی مضبوطی، دونوں برادر ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ، عرب اقوام کے مفادات کے لیے مل کر کام کرنے، دوطرفہ تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی خواہش پر زور دیا۔وزیر خارجہ نے عرب قومی سلامتی کے تحفظ اور عرب قوم کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے سٹریٹیجک حکمت عملی اختیار کرنے پر اتفاق کیا۔بعد ازاں شہزادہ فیصل بن فرحان نے مصری وزیرخارجہ سامح شکری سے الگ ملاقات بھی کی جس باہمی دلچسپی کے امور، عرب ممالک بالخصوص لیبیا میں جاری بھران کے حل کیلئے ہونے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔