مغربی ایشیا کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 15.54 فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا

جمعہ 31 جولائی 2020 21:11

مغربی ایشیا کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2020ء) مغربی ایشیا کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 15.54 فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیاہے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2019-20ء کے دوران سعودی عرب، بحرین، اردن، کویت، ترکی، متحدہ عرب امارات اورمغربی ایشیا کے دیگرممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 2.972 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیاجو پیوستہ مالی سال کے مقابلہ میں 15.54 فیصد زیادہ ہے، مالی سال 2018-19ء کے دوران ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 2.626 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا تھا۔

جون 2020ء میں ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 242.22 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا، گزشتہ سال جون میں ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 239.66 ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

مغربی ایشیا کے خطہ کے ممالک میں گزشتہ مالی سال کے دوران سب سے زیادہ برآمدات متحدہ عرب امارات کوکی گئی، گزشتہ مالی سال میں یو اے ای کیلئے پاکستانی برآمدات کا حجم 1.585 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا، مالی سال 2018-19 میں متحدہ عرب امارات کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.382 ارب ڈالرریکارڈکیا گیا تھا۔اسی طرح گزشتہ مالی سال میں سعودی عرب کو 453.84 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی، مالی سال 2018-19ئ میں سعودی عرب کو 405.25 ملین ڈالرکی برآمدات کی گئیں۔