آسٹریلیا، میلبورن میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کرفیو کا نافذ

اتوار 2 اگست 2020 16:55

میلبورن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2020ء) آسٹریلیا کے دوسرے بڑے شہر میلبورن میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کرفیو کا نافذ کر دیا ہے جبکہ شادی کی تقریبات پر پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے۔ ’اے ایف پی‘ کے مطابق جولائی کے شروع میں ہی میلبورن میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود روزانہ سینکڑوں کیسز سامنے آرہے ہیں۔

میلبورن میں حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کے کیسز میں اضافے کے بعد شہریوں کو رات آٹھ بجے سے صبح پانچ بجے تک کرفیو کا سامنا کرنا پڑے گا۔میلبرن میں کرفیو چھ ہفتوں کے لیے نافذ رہے گا جس دوران شہریوں کی نقل و حرکت محدود ہو کر رہ جائے گی۔ آسٹریلوی ریاست وکٹوریا کے وزیراعظم ڈینیل اینڈروز نے ’سٹیٹ آف ڈیزاسٹر‘ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وکٹوریا کے دارالحکومت میلبورن میں چوتھے مرحلے کی پابندیوں کا آغاز ہو گیا ہے جو 13 ستمبر تک نافذ رہیں گے۔

(جاری ہے)

ڈینیل اینڈروز کا کہنا تھا کہ یہ اقدام وبا کے غیر معمولی پھیلاؤ کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔میلبورن کے شہریوں کو صرف ایک گھنٹے کی ورزش کے لیے باہر نکلنے کی اجازت ہوگی، جبکہ ہر گھر کے ایک ہی فرد کو روزانہ ضروری اشیا کی خریداری کی اجازت ہوگی۔کرفیو کے دوران شہر میں شادیوں پر بھی پابندی عائد ہوگی۔ اس سے قبل آسٹریلیا میں وبا کی پہلی لہر کے دوران شادی کی تقریبات میں صرف پانچ افراد کے اکھٹے ہونے کی اجازت تھی۔وزیراعظم انڈریوز کا کہنا تھا کہ ان فیصلوں سے کم نوعیت کا کوئی بھی اقدام شہریوں کو محفوظ نہیں رکھ سکتا۔