ڈاکٹر فیصل سلطان وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت مقرر

عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا‘نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 3 اگست 2020 17:17

ڈاکٹر فیصل سلطان وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت مقرر
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 اگست ۔2020ء) وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر فیصل سلطان کو معاون خصوصی برائے صحت مقرر کردیا ہے‘اس حوالے سے دفتر وزیراعظم سے جاری ایک اعلامیے میں بتایا گیا کہ وزیراعظم نے ڈاکٹر فیصل سلطان کو معاون خصوصی برائے قومی صحت سروسز، ریگولیشنز اور کوآرڈینیشن مقرر کیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا.

یہ بھی بتایا کہ گیا کہ ڈاکٹر فیصل سلطان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگاواضح رہے کہ ڈاکٹر فیصل سلطان وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کووڈ 19 کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیںیاد رہے کہ ڈاکٹر فیصل سلطان کو ڈاکٹر ظفر مرزا کے معاون خصوصی برائے صحت کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد یہ عہدہ دیا گیا ہے.

(جاری ہے)

29 جولائی کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے اپنے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ میں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے‘انہوں نے کہا تھا کہ میں وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) چھوڑ کر پاکستان آیا تھا، میں نے محنت اور ایمانداری سے کام کیا.

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خدمت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، میں مطمئن ہوں کہ ایسے وقت میں عہدہ چھوڑ رہا ہوں جب قومی کوششوں سے پاکستان میں کورونا وائرس میں کمی آچکی ہے‘انہوں نے مزید کہا تھا کہ معاونین خصوصی کے کردار سے متعلق منفی بات چیت اور حکومت پر تنقید کے باعث استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا‘بعدازاں کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا استعفیٰ منظور ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا.