سٹیٹ بنک ری فنانس سکیم کے تحت ہسپتالوں اورطبی مراکز کو 5 ارب،97 کروڑ روپے کے قرضوں کی فراہمی

منگل 4 اگست 2020 13:01

سٹیٹ بنک ری فنانس سکیم کے تحت ہسپتالوں اورطبی مراکز کو 5 ارب،97 کروڑ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2020ء) سٹیٹ بنک کی کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ری فنانس سکیم کے تحت ہسپتالوں اورطبی مراکز کو اب تک 5 ارب،97 کروڑ، 92 لاکھ،70 ہزارروپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے ہیں۔سٹیٹ بینک کے اعدادوشمارکے مطابق 24 جولائی تک اس سکیم کے تحت 35 ہسپتالوں اورطبی مراکزنے 7 ارب،11 کروڑ،85 لاکھ روپے کے قرضہ جات کیلئے درخواستیں دیں جن میں سے 29 درخواستوں کی منظوری دی گئی ۔

(جاری ہے)

ان 29 ہسپتالوں اورطبی مراکزکوکل 5 ارب،97 کروڑ، 92 لاکھ،70 ہزارروپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے۔سٹیٹ بینک نے مئی میں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کی کوششوں کوتقویت دینے کیلئے ہسپتالوں اورطبی مراکز کیلئے قرضہ کی حد 20 کروڑروپے سے بڑھا کر50 کروڑ روپے کردی تھی ۔ سٹیٹ بینک بینکوں کو یہ سکیم بلاسود فراہم کررہاہے جبکہ دیگربینک ہسپتالوں یا طبی مراکز کو 3 فیصد سالانہ کی شرح سے قرضے فراہم کررہے ہیں ۔ سٹیٹ بنک کے مطابق قرضوں کی حدبڑھانے کے نتیجہ میں کووڈ۔19 کے مریضوں کے علاج کیلئے بڑے پیمانے پر سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جارہا ہے۔