5 اگست کے پیش نظر بھارتی حکام نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کردیا

مرکزی شاہراہوں کو بند کرنے کے لیے نئی خاردار تاریں اور لوہے کی رکاوٹیں لگادی گئیں ْپابندیاں فوری طور پر نافذ ہوں گی اور 4 اور 5 اگست تک نافذ العمل رہیں گی، ہدایت نامہ جاری

منگل 4 اگست 2020 20:53

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2020ء) بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خودمختار حیثیت ختم کرنے کے جابرانہ اقدام کو ایک برس مکمل ہونے پر احتجاجی مظاہروں کے ڈر سے ایک روز قبل ہی پوری وادی میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔

(جاری ہے)

فرانسیسی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے مرکزی شہر سری نگر کے لیے جاری حکومتی ہدایت نامے میں کہا گیا کہ یہ پابندیاں فوری طور پر نافذ ہوں گی اور 4 اور 5 اگست تک نافذ العمل رہیں گی۔

اس ضمن میں ایک سینئر پولیس عہدیدار نے شناخت پوشیدہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ کشمیر کے تمام اضلاع میں مکمل طور پر کرفیو نافذ رہے گا۔مکمل کرفیو کا مطللب اس دوران صرف اور صرف خصوصی سرکاری پاس کے ذریعے نقل و حرکت ممکن ہے جو ضروری سروسز مثلاً پولیس اور طبی عملے کے لیے جاری کیے جاتے ہیں ، باقی کشمیری عوام گھروں میں محصور رہیں گے۔