ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کورونا آئسولیشن وارڈ میں کورونا سے لڑتے ہوئے شہداء ڈاکٹرز‘ نرسز و پیرا میڈیکل سٹاف کیلئے قرآن خوانی

بدھ 5 اگست 2020 12:12

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2020ء) ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کورونا آئسولیشن وارڈ میں کورونا سے لڑتے ہوئے شہداء ڈاکٹرز‘ نرسز و پیرا میڈیکل سٹاف کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جبکہ گورنمنٹ ٹی بی ہسپتال سرگودھا کے جن ڈاکٹرز‘ نرسز و پیرا میڈیکل سٹاف نے کورونا مریضوں کیلئے خدمات سر انجام دیں ان کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔

اس منفرد تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر رائے سمیع اللہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سرگودھا اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر غلام شبیر طاہر تھے۔فوکل پرسن کورونا آئسولیشن وارڈ ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ سے ہمارا عملہ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر کورونا کے مریضوں کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

مریضوں کا معائنہ کرنے‘ ادویات مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ جو مریض کھانا نہیں کھا سکتے تھے ان کو کھانا بھی ہمارا عملہ ہی کھلاتا رہا ہے اور جو ٹائلٹ تک نہیں جا سکتے تھے ان کی بھی ہمہ وقت دیکھ بھال اسی عملہ نے کی ہے۔

مقررین نے کہا کہ اب جبکہ کورونا کا زور ٹوٹ چکا ہے اس لئے ان مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے عملے کی حوصلہ افزائی کرنی انتہائی ضروری تھی۔ مقررین نے کہا کہ یکم جولائی کی رپورٹ کے مطابق 5 ہزار 368 ہیلتھ کیئر پروایڈر مریضوں کو بچاتے بچاتے خود اس مرض کا شکار ہو گئے۔ جن میں سے 58لوگ شہید ہو گئے۔ ان 58 میں سے 42 ڈاکٹرز اور 16 نرسز و پیرا میڈیکل سٹاف تھے۔

سرگودھا میں بھی ہمارے پانچ ڈاکٹرز اور ایک نرس کورونا کے باعث شہید ہوئے۔ اس موقع پر فوکل پرسن کورونا آئسولیشن وارڈ ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے کہا کہ عملے کی خدمات کے اعتراف کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور انشائ اللہ عید الاضحی کے فوراً بعد ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کے عملے کو اعترافی سرٹیفکیٹ دیئے جائیں گے اور اس کے بعد اگلے ہفتے میں ٹی ایچ کیو میں کام کرنے والے ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کے اعزاز میں تقریب منعقد ہو گی۔