پی سی بی ملازمین کی گریجویٹی ختم ،وصولی کیلئے فارم جاری

قانونی کارروائی نہ کرنے کا حلف دینا ہوگا ،واجبات سے ضروری کٹوتی کی جائیگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 6 اگست 2020 16:15

پی سی بی ملازمین کی گریجویٹی ختم ،وصولی کیلئے فارم جاری
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6اگست 2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے سروس رول میں تبدیلی کرتے ہوئے مستقل ملازمین کے لئے گریجویٹی ختم کردی ہے جبکہ پراویڈنٹ فنڈ میں ڈھائی فیصد اضافہ کردیا ہے۔ نئے سروس رول بنانے کا فیصلہ بورڈ آف گورنرز کی منظوری سے کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اخراجات میں کمی کیلئے اب پی سی بی چیئرمین احسان مانی کے علاوہ چیف ایگزیکٹیو، چیف آپریٹنگ آفیسر، چیف فنانشل آفیسر اور تمام ڈائریکٹرز اندرون ملک فلائٹس میں اکانومی کلاس البتہ بیرون ملک بزنس کلاس میں سفر کریں گے۔

نئے قوانین کے مطابق ملازمین کو سالانہ چھٹیاں لینے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے کیوں کہ اب لیو ان کیش منٹ بھی نہیں ملے گا۔ ملازمین کے گھر پر بچے کی ولادت کی صورت دوہفتے کی چھٹی کا نیا قانون متعارف کرایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی ادارے میں بیک وقت گریجویٹی اور پراویڈنٹ فنڈ ملنے کی کوئی روایت نہیں ہے۔ یہ فیصلے اخراجات میں کمی کے باعث کئے ہیں۔

پی سی بی نے سالانہ بجٹ میں ایک ارب روپے کی کمی گئی ہے۔ البتہ کرکٹ کی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوں گی۔ نہ ان کے اخراجات میں کمی کی گئی ہے۔ پاکستان میں پی سی بی چیئرمین،اعلیٰ افسران، ڈائریکٹرز اور سنیئر جنرل منیجرزکا ڈیلی الاونس 4500 روپے کردیا گیا ہے۔ انگلینڈ میں ڈیلی الائونس اب کم ہوکر 175 ڈالرز اور دیگر ملکوں میں 150 ڈالرز کردیا گیا ہے۔ پاکستان میں رہائش کے لئے گیارہ ہزار روپے یومیہ جب کہ بیرون ملک 250 ڈالرز اور انگلینڈ میں 400 ڈالرز یومیہ مقرر کیا گیا ہے۔