صوبائی وزیر صنعت و تجارت کی زیر صدارت اجلاس،

بھٹوں کی جدید ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لئے بلاسود قرضوں کی سکیم کو حتمی شکل دی گئی ،فی بھٹہ 20لاکھ روپے تک بلا سود قرضہ ملے گا، قرض کی واپسی دو سال میں ہوگی مرحلہ وار پروگرام کے تحت صوبے کے تمام بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا،میاں اسلم اقبال

جمعرات 6 اگست 2020 17:28

صوبائی وزیر صنعت و تجارت کی زیر صدارت اجلاس،
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2020ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت آج پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں اینٹوں کے بھٹوں کوزگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لئے بلاسود قرضوں کی فراہمی کی سکیم کو حتمی شکل دی گئی۔سکیم کے تحت جدید ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لئے فی بھٹہ 20 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرضہ دیا جائے گا ۔

قرض پر صرف 2فی صد آپریشنل چارج وصول کیا جائے گا جبکہ بھٹے کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کا عمل 3ماہ میں مکمل کرنا ہوگا ۔قرضے کی واپسی 2سال میں ہوگی، قرضے کی فراہمی کے لئے ضلع کی سطح پر کمیٹیاں بنیں گی ۔ان کمیٹیوں میں محکمہ صنعت و تجارت، محکمہ تحفظ ماحولیات اور برکس کلن اونرزایسو ایشن کے نمائندے شامل ہونگے، جو بھٹے جدید ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے، انہیں بھی بلاسود قرضے کی سہولت ملے گی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کیلئے بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی ضروری ہے،بھٹوں کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کیلئے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن بلاسود قرضوں کی سکیم لارہا ہے۔مرحلہ وار پروگرام کے تحت صوبے بھر کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 11 اضلاع لاہور، راولپنڈی گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، ملتان، شیخوپورہ، اوکاڑہ، جہلم، ساہیوال اور قصورکے بھٹوں کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا، صوبائی وزیر نے کہا کہ بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لئے قرضوں کی سکیم وزیر اعظم کے صاف اور سرسبز پاکستان کے ویژن کی جانب اہم قدم ہے نئی نسل کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی ہمارا عزم ہے۔

بھٹوں کی جدید ٹیکنالوجی پرمنتقلی کیلئے ہر ممکن سہولت دیں گے ۔صدر برکس کلن اونر ایسوسی ایشن محمد شعیب خان نیازی، ایم ڈی پیسک مدثر ریاض ملک، ڈی جی محکمہ تحفظ ماحولیات اشعر زیدی اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔