حکومت نئے منصوبوں کیساتھ فائلوں میں دب جانیوالے منصوبوں پر بھی عملی کام کا آغاز کرے ‘اشرف بھٹی

تاجروں کے انار کلی اور ملحقہ تجارتی مراکز کیلئے پارکنگ پلازہ کی تعمیر کے دیرینہ مطالبے پر کوئی پیشرفت نہیں کی جارہی

ہفتہ 8 اگست 2020 15:10

حکومت نئے منصوبوں کیساتھ فائلوں میں دب جانیوالے منصوبوں پر بھی عملی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2020ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے راوی کنارے نیا شہر بسانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نئے منصوبوں کے ساتھ فائلوں میں دب جانے والے زیر التواء منصوبوں پر بھی عملی کام کا آغاز کرے ، انار کلی اور ملحقہ تجارتی مراکز کیلئے پارکنگ پلازہ کی تعمیر تاجروںکا دیرینہ مطالبہ ہے لیکن اس پر کوئی پیشرفت نہیں کی جارہی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف مارکیٹوں کے تاجر رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اشرف بھٹی نے کہا کہ یہ درست ہے کہ لاہور کے بے پناہ پھیلائو کی وجہ سے مسائل گھمبیر ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے اداروںکو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔راوی کنارے نیا شہر بسانے کے منصوبے کو عجلت میں شروع کرنے کی بجائے اس کے لئے بہترین منصوبہ بندی کی جائے ۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ انار کلی، نیلا گنبد سمیت دیگر ملحقہ مارکیٹوں کے تاجروں کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ ہمارے لئے پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے لیکن اس پر کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی ۔حکومت کو چاہیے کہ فائلوں میں دب جانے والے اس منصوبے کیلئے وسائل پیدا کر کے اس پر بھی عملی کام کا آغاز کیا جائے تاکہ پارکنگ کے مسائل حل ہوسکیں ۔

متعلقہ عنوان :