بنوں میں بھی جشنِ آزای کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام ، 2منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی

جمعہ 14 اگست 2020 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2020ء) دیگر شہروں کی طرح ضلع بنوں میں بھی 14اگست کو جشنِ آزای کی مناسبت سے کمشنرہائوس کینٹ میں پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ کمشنر بنوں شوکت علی یوسفزئی ، ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) محمد زبیر خان نیازی، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس اول خان و دیگر افسران نے پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کر کے 8بج کر58منٹ پر سائرن کی آ و از پر 2منٹ کی خاموشی اختیار کی ۔

ایف سی اور پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ،سکولوں کے بچوں نے قومی ترانہ اور دیگر جشن آزادی کی مناسبت سے ملی نغمے گائے۔اس موقع پر کمشنر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے بہت تاریخی دن ہے کیونکہ اس روز پاکستان جیسا عظیم ملک دنیا کے نقشے پر ہمیشہ کیلئے نمودار ہوا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے، اس دن تمام پاکستانی ایک ہی لڑی میں پروئے ہوئے ملینگے اورپاکستانیت کی بات کرینگے،یہی وجہ ہے کہ یہ دن ہمارے لئے سب سے اہم اور ہماری آزادی پر مہر ثبت کرنے والادن ہے اس لئے آزادی کی جشن منانے کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے پروردگار کا بھی شکر ادا کرنا چاہیے کہ انہوں نے ہمیں ہماری بزرگوں کی قربانیوں کا بہت اچھا صلہ دے کر ایک آزاد اور خودمختار ریاست عنایت کر دی ہے۔