کل سے اسلام آباد، پنڈی میں ڈبل ڈیکر بسیں چلیں گی

ٹورازم کارپوریشن نے آزمائشی بنیادوں پر کل سے بسیں چلانے کا اعلان کردیا ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 15 اگست 2020 00:56

کل سے اسلام آباد، پنڈی میں ڈبل ڈیکر بسیں چلیں گی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14اگست 2020ء) : کل سے اسلام آباد، پنڈی میں ڈبل ڈیکر بسیں چلیں گی، ٹورازم کارپوریشن نے آزمائشی بنیادوں پر کل سے بسیں چلانے کا اعلان کردیا ہے، تفصیلات کے مطابق تاریخی اور سیاحتی مقامات کی سیر کے دلدادہ افراد کیلئے جڑواں شہروں کے درمیان ڈبل ڈیکر بس کی ٹیسٹ ڈرائیو کا مرحلہ آپہنچا۔ ٹورازم کارپوریشن نے آزمائشی بنیادوں پر کل سے بسیں چلانے کا اعلان کردیا۔

ڈبل ڈیکر بسوں کا باضابطہ افتتاح اسی ماہ کے آخری ہفتے میں ہوگا۔ بس میں 40 مسافر سوار ہوں گے اور فی مسافر کرایہ 400 روپے ہوگا جبکہ پانچ سال سے کم عمر بچے اور خصوصی افراد مفت سفر کرسکیں گے۔ بس میں موجود گائیڈ تاریخی مقامات کی تاریخ بھی سیاحوں کو بتائیں گے۔ سیاحوں کو فیصل مسجد، چڑیا گھر، دامن کوہ اور سید پور، پارلیمنٹ ہاؤس، سپریم کورٹ، لوک ورثہ، نیشنل میوزیم، چاند تارہ، پاک چائنہ سنٹر، سرینا ہوٹل اور سینٹورس مال کی سیر کرائی جائے گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گزشتہ برس حکومت پنجاب نے تمام بڑے شہروں میں پٹرول کی بچت، آرام دہ سفر، کم کرایے کے لیے دوبارہ ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اس پر عمل نہیں ہوسکا۔ البتہ لاہور میں سیاحوں کیلئے ڈبل ڈیکر بسیں چل رہی ہیں جو کہ کامیاب بھی ہیں۔ اب اسلام آباد، پنڈی میں بھی سیاحوں کیلئے ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس دو دہایاں قبل ملک بھر کے بڑئ شہروں میں ڈبل ڈیکر بسیں چلا کرتی تھیں لیکن پھر آہستہ آہستہ یہ بند ہو گئیں اور انکی جگہ رکشوں اور ویگنوں نے لے لی۔ لوگ ان بسوں کی بجائے رکشوں اور ویگنوں پر سفر کرنے لگے اور ان بسوں کو زوال آگیا لیکن اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سیاحوں کو ان بسوں کے ذریعے شہر کی سیر کروائی جایا کرے گی۔