اقوام متحدہ کی بیروت دھماکوں کے بعد 565ملین ڈالر کی امداد کی اپیل

لبنان کو بحالی اور تعمیر کے لیے فوری طور پر انسانی امداد سے فراہم کرنے کی کوششیں شروع کردیں،بیان

ہفتہ 15 اگست 2020 16:06

اقوام متحدہ کی بیروت دھماکوں کے بعد 565ملین ڈالر کی امداد کی اپیل
بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2020ء) لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ میں ہونے والے تباہ کن دھماکوں کے 10 دن بعد اقوام متحدہ نے لبنان کی مدد کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 565 ملین ڈالر کی امداد جمع کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان دھماکوں میں کم از کم 171 افراد ہلاک اور 6500سے زیادہ زخمی ہوئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے لبنان کو بحالی اور تعمیر کے لیے فوری طور پر انسانی امداد سے فراہم کرنے کی کوششیں شروع کی ہیں۔

اس حوالے سے عالمی برادری اور امداد دینے والے اداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ لبنان کے لیے فوری طور پر 56 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کریں۔بیان میں کہا گیا کہ عطیات سے اناج کی فراہمی، خوراک اور راشن کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ہنگامی امداد سے متاثرہ لوگوں کو طبی سہولیات، ادویات اور دیگر ضروریات پر صرف کیا جائے گا۔

گھروں اور رہائشی تنصیبات کی فوری مرمت بھی ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو واپس ان کے گھروں میں لایا جاسکے۔بیان میں لبنان میں اقوام متحدہ کے ہائوسنگ کوآرڈینیٹر نجات رشدی کے حوالے سے کہا گیاکہ لوگوں بحالی اورتعمیر نو کے بعد دوبارہ آباد کاری کا عمل ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ لبنان کے عوام کے ساتھ اپنی مستقل وابستگی کا مظاہرہ کرے ۔ اس کے ساتھ ساتھ بیروت دھماکوں سے متاثر ہونے والے شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے بھی مدد فراہم کرے۔