کاپی رائیٹس معاملہ،اکرم راہی نے تین انٹر نیشنل میوزک کمپنیوں کو عدالت میں طلب کرلیا

اکرم راہی اپنے وکیل ظہیر الحسن ظہورکے ہمراہ آئی پی عدالت میں پیش ہوئے یہ کمپنیاں پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ عرصہ دراز سے زیادتی کررہی ہیں میں اکیلا ان کمپنیوں کے خلاف عدالتی کاروائی کے لیئے کھڑا ہواہوں،اکرم راہی

منگل 25 اگست 2020 19:30

کاپی رائیٹس معاملہ،اکرم راہی نے تین انٹر نیشنل میوزک کمپنیوں کو عدالت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2020ء) بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکاراکرم راہی کاپی رائیٹس معاملے کو لے کر آئی پی (انٹلیکچول پراپرٹی کورٹ) میں پیش ہوگئے،عدالت میں تین انٹر نیشنل میوزک کمپنیوں کے بیس وکیل پیش،اکرم راہی کے مقدمے کا جواب نہ دے سکے،جج کی طرف سے اکرم راہی کو گانا سنانے کی فرمائش ،تفصیلات کے مطابق گلوکار اکرم راہی نے گذشتہ دنوں آئی پی کورٹ میں انٹرنیشنل میوزک کمپنیوں ہائی ٹیک،مووی بکس اوراورنٹیل سٹارکے خلاف اپنے وکیل ظہورالحسن ظہور کی وساطت سے کاپی رائیٹس کا کیس دائر کیا تھا جس پر آئی پی عدالت نے گذشتہ روز تینوں کمپنیوں کو عدالت میں طلب کر لیا تھا اکرم راہی کی طرف سے مقدمے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کمپنیوں نے ان کے گانے ان کی اجازت کے بغیر اپنے یوٹیوب چینلز پر ریلیز کیئے جس کا کوئی اجازت نامہ یا معاہدہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اکرم راہی کا کہنا تھا کہ ان کمپنیوں کے ان اقدامات سے ان کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے اور یہ گانے ان کی ذاتی پراپرٹی تھے جسے بغیر اجازت چوری کرکے ریلیز کیا گیا۔اکرم راہی کی جانب سے ان کے وکیل ظہیرالحسن ظہور نے مقدمہ پیش کیا اور دلائل دئیے جبکہ ان تینوں کمپنیو ں کی طرف سے کم وبیش بیس کے قریب وکلاء پیش ہوئے مگر وہ اکرم راہی کی طرف سے کیئے گئے مقدمے کا کوئی جواب پیش نہ کرسکے۔

آئی پی کے جج چوہدری عبدالقیوم نے ان کمپنیوں کی طرف سے پیش ہونے والے وکلاء سے کاپی رائیٹس کے کاغذات اور معاہدے طلب کیئے جو وہ پیش نہ کرسکے جج نے اکرم راہی سے اس بارے میں پوچھا تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ میں شاعر،گلوکار اور پروڈیوسر ہوں میں نے اپنے تمام تر گانوں کو خود لکھا ان کی دھنیں بنائیں اور انہیں گایا اور اپنے ان گانوں کا قانونی حیثیت سے مالک ہوں ا ن کمپنیوں نے بغیر اجازت اور معاہدے کے میرے ان گانوں کو ریلیزکیا جو کہ کاپی رائیٹس کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

جج عبدالقیوم نے اکرم راہی کو ایک گانا گنگنانے کا کہا جس پر اکرم راہی نے اپنا مشہور گانا سنایا۔آئی پی جج نے تینوں کمپنیوں کے وکلاء کو اگلی پیشی پر تمام تر کاغذات لانے اور جواب دینے کا حکم دے دیا۔اکرم راہی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ تین گھنٹے جاری رہنے والے اس مقدمے کی سماعت کے دوران ان کمپنیوں کے وکلاء ایک بھی ثبوت پیش نہیں کر سکے اور آئیں بائیں شائیں کرتے رہے جبکہ میں نے اور میرے وکیل ظہور الحسن ظہور نے ان تمام گانوں کی ملکیت کے ثبوت عدالت کو مہیا کردئیے اکرم راہی کا کہنا تھا کہ یہ میوزک کمپنیاں عرصہ دراز سے پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ زیادتی کررہی ہیں اور ان کے مہنگے ویڈیوز ان کی اجازت کے بغیر دھڑلے سے چوری کرکے اپنے یوٹیوب چینلز پر ریلیز کررہی ہیں جس سے ان پاکستانی گلوکاروں کا لاکھوں روپے کا نقصان بھی ہو رہاہے اور وہ ان کی ملکیت سے بھی محرو م ہورہے ہیں میں واحد گلوکار ہوں جنہوں نے ان کمپنیوں کی بدمعاشی کے خلاف آواز اٹھائی اور انہیں کورٹ تک لے آیا ہوں اکرم راہی نے مذید کہاکہ انہوں نے برطانوی عدالت میں بھی ان کمپنیوں کو طلب کیا ہوا ہے جہاں پر بھی یہ کوئی جواب نہیں دے سکے اور عدالت سے راہ فرار اختیار کرچکے ہیں مگر میں ان کو بھاگنے نہیں دونگا میں اپنے ساتھ ساتھ دوسرے گلوکاروں کو بھی ان کا حق دلا کررہوں گا میرے ان قدامات کو سراہتے ہوئے گلوکار ابرارلحق اور علی ظفر نے بھی ان سے رابطہ کر لیا ہے انشاء اللہ اگلی پیشی پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگااور ہم سرخرو ہوں گے اوراپنا حق حاصل کرکے رہیں گے۔

اکرم راہی نے کہاکہ میں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اگر ان کمپنیوں کے پاس میرا کوئی معاہدہ یا اجازت نامہ ہے تو میں اپنے اس کیس سے دستبردار ہوجائوں گا اور اپنا کیس واپس لے لوں گا میں ان کمپنیوں کے خلاف ڈیمیجز کا دعویٰ بھی کرنے والا ہوں جنہوں نے میرے چینل کے گانوں کے خلاف سٹرائکس کرکے میرا مالی نقصان کیا اس لیئے سب گلوکاروں کو میرے ساتھ ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا چاہیئے تاکہ سب کو ان کا حق مل سکے اور وہ اپنے ملکیتی گانوں سے اپنی کمائی حاصل کرکے اپنے بچوں کے اخراجات پورے کرسکیں۔