کویت میں دوہرے قتل کی ہولناک واردات

دو بنگلہ دیشی خواتین کی خون میں لت پت لاشیں ایک فلیٹ سے برآمد ہوئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 29 اگست 2020 13:01

کویت میں دوہرے قتل کی ہولناک واردات
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 اگست 2020ء) کویت میں دو غیر ملکی خواتین کی بے رحمی سے قتل کی واردات سامنے آئی ہے۔ گلف نیوز کے مطابق کویت کے ایک رہائشی علاقے کے فلیٹ سے دو خواتین کی خون آلود لاشیں ملی ہیں جن کا تعلق بنگلہ دیش سے بتایا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین روزگار کے سلسلے میں کویت میں رہائش پذیر تھیں۔ انہیں نامعلوم افراد نے چاقو کے متعدد وار کر کے موت کے گھاٹ اُتارا ہے۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ یہ واردات کویت سٹی کے جنوب مغربی علاقے جلیب الشیوک میں رونما ہوئی ہے۔ مقتول خواتین کے ایک جاننے والے بنگلہ دیشی نے فلیٹ میں ان کی لاشیں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس کی ایک ٹیم اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ کی جانب سے روانہ کر دی گئی۔ میڈیکل ایگزامینیشن ٹیم نے بتایا کہ دونوں غیر ملکی خواتین کو کئی روز پہلے قتل کیا گیا تھا، کیونکہ ان کی لاشیں کافی حد تک گل سڑ چُکی تھیں۔

(جاری ہے)

یہ خواتین کویتی وزارت صحت کے زیر انتظام کنٹریکٹ پر کام کرنے والی ایک کمپنی میں ملازمائیں تھیں۔ جنہیں صفائی ستھرائی کے کام کے لیے کویت لایا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ابھی تک قاتلوں کے حوالے سے کوئی سُراغ نہیں مل سکا اور نہ ہی کوئی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ان دونوں خواتین کو کن وجوہات کی بناء پر قاتل کیا گیا تاہم جس شخص نے پولیس کو اطلاع دی، اس کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں کہ اسے کس طرح ان خواتین کے قتل کی واردات کا علم ہوا۔ واضح رہے کہ کویت میں بھارتیوں کے بعد بنگلہ دیشی سب سے بڑی تعداد میں آباد ہیں جن کی گنتی 2 لاکھ 60 ہزار کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے۔