چکلالہ کینٹ، پراپرٹی ٹیکس کی بروقت ادائیگی پر 15فیصد رعایت کا اعلان

ہفتہ 5 ستمبر 2020 17:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2020ء)چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ نے پراپرٹی ٹیکس کی بروقت ادائیگی پر 15فی صد رعائت کا اعلان کردیا ۔چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ نے اے پی پی کو بتایاکہ مالی سال 2020-21کے پراپرٹی ٹیکس کے بل جاری کردیئے گئے ہیں تاھم اگر کسی ٹیکس دہندہ کو بل موصول نہ ہوا ہو تو وہ دفتر سے رجوع کرے ۔

(جاری ہے)

حکام نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ مالی سال 2020-21کے پراپرٹی ٹیکس کے واجبات 30ستمبر تک ادا کرنے کی صورت میں 15فی صد رعائت دینے کا فیصلہ کیا گیاہے تاھم یہ رعائت صرف موجودہ واجبات پر نافذ العمل ہوگی ۔

دریں اثناء سیکرٹری چکلالہ کینٹ سید حسنین حمید نے اے پی پی کوبتایاکہ پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی کے لیے کیسز کینٹ میجسٹریٹ کو بھجوائے جائیں گے اور نادہندگان کو جرمانے کے ساتھ ساتھ ان کی جا ئیدادیں سربمہر بھی کی جائیں گی ۔