جے ایس بینک کے زیر انتظام کام کرنے والے ادارے ’’زندگی ‘‘ اور پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا ڈیجیٹل سکالرشپ ادائیگی کیلئے اشتراک

بدھ 15 اکتوبر 2025 20:51

جے ایس بینک کے زیر انتظام کام کرنے والے ادارے ’’زندگی ‘‘ اور پاکستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) جے ایس بینک کے زیر انتظام نگرانی کام کرنے والے ادارے ’’زندگی ‘‘ نےپاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (پاک۔ای ای ایف) کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے ہیں تاکہ سکالرشپ فنڈ کی ادائیگی کے نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جا سکے، یہ معاہدہ ٹیکنالوجی اور اختراع کے ذریعے مالی شمولیت کو فروغ دینے کی جانب اہم سنگ میل ہے۔

یہ اقدام پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈکے اُس بنیادی مشن سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد پورے پاکستان میں ایسے باصلاحیت اورمستحق طلباء کو وظائف کی فراہمی ہے جنہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مالی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس شراکت کے ذریعے سکالرشپ فنڈز مستفید ہونے والے طلبہ کو ڈیجیٹل طریقے سے منتقل کئے جائیں گے جس سے شفافیت، مؤثرہونے اور ملک بھر کے ہزاروں طلبہ کے لئے آسان رسائی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زندگی کے چیف بزنس آفیسر عاطف اسحاق نے کہا کہ تعلیم قومی ترقی کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے، یہ شراکت ہمیں اس بات کو یقینی بنانے میں مدد دے گی کہ مالی معاونت مستحق طلبہ تک باآسانی پہنچے تاکہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کر سکیں اور ایک کامیاب مستقبل کی تیاری کریں۔پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسرسیدہ ہاجرہ سہیل نے اس تعاون کو سراہا اور تعلیم و مالیات کے نظام کو مضبوط بنانے میں اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ زندگی کے ساتھ یہ شراکت پاکستان میں تعلیمی معاونت کے لئے ایک ڈیجیٹل مستقبل کی جانب انقلابی قدم ہے۔ سکالرشپ فنڈز کی ادائیگی کے نظام میں ٹیکنالوجی کو شامل کر کے ہم نہ صرف کارکردگی میں بہتری لا رہے ہیں بلکہ یہ بھی یقینی بنا رہے ہیں کہ ہر روپیہ صحیح وقت پر اورصحیح طالبِ علم تک پہنچے۔پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنے اور پاکستان کی آئندہ نسل کے رہنماؤں کو بااختیار بنانے کے لئے اپنے عزم پر قائم ہے۔

پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے سیکرٹری مراد شعیب خان نے بھی اس شراکت کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل اسکالرشپ کی ادائیگی کا یہ نظام عوامی شعبے کے دیگر پروگراموں کے لئے شفافیت اور جوابدہی کا ایک مثالی ماڈل ثابت ہوگا۔زندگی اور پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے درمیان یہ تعاون پاکستان کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل اختراعات کے ذریعے بااختیار بنانے کی جانب زندگی کے جاری عزم کی عکاسی کرتا ہے اور ایک مالی طور پر شامل اور ڈیجیٹل طور پر منسلک قوم کے وژن کو مضبوط بناتا ہے۔

اسی دوران پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کم مراعات یافتہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے طُلباء کو اپنی تعلیمی امنگوں کو پورا کرنے کے مواقع فراہم کر کے ملک میں انسانی وسائل کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔