ْفی کس سالانہ سبزیوں کے استعمال کو بڑھا کر بیماریوں کی شرح کم کی جا سکتی ہے، ماہرین زراعت

پیر 14 ستمبر 2020 15:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2020ء) ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ پاکستان میں سالانہ فی کس سبزیوں کا استعمال صرف 50 کلو گرام ہے جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں ہر شخص سالانہ اوسطاً 105 کلوگرام سبزیاں استعمال کرتا ہے نیز طبی نقطہ نگاہ سے ہر شخص کیلئے سال میں کم از کم 73 سی 80 کلوگرام سبزیوں کااستعمال ضروری ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ چین میں شرح امراض نہ ہونے کے برابرہیں کیونکہ چین کے عوام میں سبزیوں کے استعمال کا رجحان زیادہ پایا جاتا ہے جس کے باعث ان میں بیماریوں کی شرح بہت کم ہے۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ زراعت ، زرعی ماہرین اور کاشتکار ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں لہٰذا شعبہ زراعت ، توسیع و ریسرچ ڈیپارٹمنٹ، زرعی ماہرین کے تعاون سے کاشتکاروں کے مسائل حل کر کے زرعی شعبے کو ترقی دی جا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ زراعت صوبہ بھر میں کچن گارڈننگ کے فروغ کیلئے بھر پور اقدامات کر رہا ہے جس سے عوام کو سستی ، تازہ و معیاری سبزیاں میسر آسکیں گی۔ انہوں نے بتایاکہ گھریلو سطح پر سبزیاں کاشت کر کے سبزیوں پر اٹھنے والے اخراجات کو کم کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ کاشتکارو ں کی رہنمائی اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے مستفید کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائیں۔