سینٹر مرزا آفریدی پر موٹروے پر نامعلوم افراد کا حملہ

حملہ لاہور اسلام آباد موٹروے پر بھیرہ کے مقام پر کیا گیا، حملے کے دوران گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، سنیٹر مرزا آفریدی حملے میں محفوظ رہے

muhammad ali محمد علی پیر 14 ستمبر 2020 20:35

سینٹر مرزا آفریدی پر موٹروے پر نامعلوم افراد کا حملہ
کلرکہار (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 ستمبر2020ء) سینٹر مرزا آفریدی پر موٹروے پر نامعلوم افراد کا حملہ، حملہ لاہور اسلام آباد موٹروے پر بھیرہ کے مقام پر کیا گیا، حملے کے دوران گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، سنیٹر مرزا آفریدی حملے میں محفوظ رہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور اسلام آباد موٹروے پر سینیٹر مرزا آفریدی پر حملہ کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے سینیٹر مرزا آفریدی کی گاڑی کا پیچھا کیا گیا اور بھیرہ کے مقام پر ان کی گاڑی پر حملہ کر دیا گیا۔

نامعلوم افراد بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی میں سوار تھے۔ حملے کے نتیجے میں گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم اس دوران سینیٹر مرزا آفریدی محفوظ رہے۔ پولیس کو واقعے کی اطلاع کر دی گئی ہے۔ جبکہ چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے واقعے کی فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ واقعے کے حوالے سے سینیٹر مرزا آفریدی کا بتانا ہے کہ موٹروے پر دوران سفر بغیر نمبر پلیٹ گاڑی تعاقب میں تھی۔

تعاقب کے باعث گاڑی کی اسپیڈ کم کی اور سروس ایریا کی طرف چلا گیا۔ سروس ایریا میں جانے کے بعد نامعلوم افراد نے وہاں حملہ کیا۔ واضح رہے کہ لاہور موٹروے زیادتی کیس کے بعد سے موٹروے کے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے سوالات کیے جا رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے پر پولیس تعینات ہی نہیں ہے، اسی باعث زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔ جبکہ اس روٹ پر ڈکیتی کے بھی کئی واقعات پیش آ چکے۔ جبکہ اب لاہور اسلام آباد موٹروے جہاں ہر وقت پولیس متحرک رہتی ہے، وہاں بھی سینیٹر مرزا آفریدی پر حملہ کیا گیا ہے۔