قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں تمباکو سے پاک گلگت بلتستان کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد

مقررین کا جی بی کو سگریٹ نوشی سے پاک بنانے کا اعادہ

جمعرات 17 ستمبر 2020 04:05

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2020ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں تمباکو سے پاک گلگت بلتستان اور معاشرے پر تمباکو کے برے اثرات کے عنوان پر ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔ کانفرنس میں تمباکو نوشی اور مختلف افراد پر اس کے اثرات،گلگت بلتستان میں تمباکو نوشی کی صورت حال، تمباکو نوشی کے روک تھام کے لئے صوبائی،ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بنائے جانے والے قوانین اور ان پر عمل، تمباکو کے دھویں سے پاک گلگت بلتستان مہم اور ہماری زمہ داریاں،گلگت بلتستان تمباکو کنٹرول ایکٹ 2020کے ثمرات،سفارشات اور مستقبل کے لئے لائحہ عمل سمیت مختلف امور پر تعلیمی سماجی اور انتظامی معاملات میں خدمات سرانجام دینے والے ماہرین نے تبادلہ خیال کیا۔

ایک روزہ کانفرنس کے مہمان خصوصی قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ تھے۔

(جاری ہے)

ان کے ہمراہ نگران وزیر تعلیم وتعمیرات عامہ عبدالجہاں،سیکرٹری اطلاعات فداحسین،ایس ایس پی گلگت میرزاحسن، سیڈو کے کنٹری ہیڈ ملک عمران خان،سیڈو کے سی ای او عزیز کریم،یونیورسٹی کے سینئرمنیجمنٹ آفیسران،فیکلٹی ممبران،سوشو اکنامکس اینڈ ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے آفیسران،گلگت بلتستان کے سینئرجرنلسٹ،پریس کلب گلگت کے صدر سمیت طلبہ وطالبات موجودتھے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر تعلیم وتعمیرات عامہ عبدالجہاں نے کہاکہ منشیات سے پاک ماحول کے حوالے سے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پورے گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے لیے مشعل راہ ہے۔جس پر وائس چانسلر سمیت یونیورسٹی انتطامیہ مبارک بادی کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمباکو نوشی سمیت دیگر تما م منشیات سے خطے کو پاک کرنے کے لیے لازمی ہے کہ ہم اپنے اندر تبدیلی لائیں اور عہد کریں کہ اپنے آپ سمیت معاشرے منشیات سے پاک کریں۔

اس سے قبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر قراقرم یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہاکہ مثبت سوچ سے ہی معاشرتی مسائل سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ان سے قبل دیگر مقررین نے اپنے خطا ب میں سیگریٹ نوشی کے معاشرے پر پڑنے والے برے اثرات سمیت گلگت بلتستان کو سیگریٹ نوشی سے پاک بنانے کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور اعادہ کیاکہ مل کر گلگت بلتستان کو سیگریٹ نوشی سے فری علاقہ بنائینگے۔یاد رہے کہ ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی نے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور شو اکنامکس اینڈ ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے اشتراک سے کیاتھا۔