ملک دشمن قوتیں پاکستان میںبدامنی پھیلانے کیلئے فرقہ وارانہ آگ بھڑکانے کی سازشیں کر رہی ہیں، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

جمعرات 24 ستمبر 2020 08:41

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2020ء) جماعت اسلامی پاکستان رابطہ علماء مشائخ پاکستان کے مرکزی امیر میاں مقصود احمد ،جنرل سیکریٹری پیر برہان الدین عثمانی ،نائب امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نصر اللہ عزیز ،ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی صوبہ سندھ عبدالوحید قریشی ،نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ صوبہ عبدالقدوس احمدانی ،امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآبادحافظ طاہر مجید،جنرل سیکریٹری کاشف شیخ پر مشتمل وفدنے جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سے ان کے دفتر رکن الاسلام جامعہ مجددیہ میںملاقات کی، اس موقع پر مرکزی جماعت اہلسنت سندھ کے رہنماء قاری نیاز احمد نقشبندی ،مرکزی ترجمان جے یو پی ڈاکٹر محمد یونس دانش ،محمد اقبال میمن،عمر فاروق بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ محمد زبیر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن استعماری قوتیں پاکستان میںبدامنی پھیلانے کیلئے فرقہ وارانہ آگ بھڑکانے کی سازشیں کر رہی ہیں اور اس مقصد کے لئے مختلف مکاتکب فکر کی مقدسات کی توہین کر اکے ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکائی جارہی ہے ہم نے ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم پر تمام مکاتکب فکر کے اکابرین کو جمع کیا اور فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی سازشوں کا ناکام بنایا،انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس بات پر متفق ہے کہ تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے مقدسات کا احترام کیا جائے لہذا خواہ کوئی کسی مسلک سے تعلق رکھتا ہواگر وہ کسی کے مقدسات کی توہین کرتا ہے تو حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس کے خلاف قانونی کاروائی کرے ایسے شخص کا کسی مسلک سے تعلق نہیں ہوتابلکہ وہ اسلام دشمنوں کا ایجنٹ ہوتا ہے اور مسلمانوں میں افتراق اور انتشار پیدا کر کے ملک و ملت کوفرقہ واریت کی آگ میں جھونکنے اور ان کو کمزور کرنے کی سازش کرتا ہے تمام مسالک کو ایسے افراد سے برائت کا اعلان کرنا چاہئے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں ایسے افراد کو قانون کی گرفت میں لائے جو ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکاکر ملک و ملت کے دشمنوں کے ایجنڈے کی تکمیل کررہے ہیں۔