سعودی عرب تیزی سے کورونا وائرس کو شکست دینے کی راہ پر گامزن

مملکت میں یومیہ کورونا کیسز کی تعداد 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف 400 سے کچھ زائد کیسز رپورٹ ہوئے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 26 ستمبر 2020 22:24

سعودی عرب تیزی سے کورونا وائرس کو شکست دینے کی راہ پر گامزن
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 ستمبر2020ء) سعودی عرب تیزی سے کورونا وائرس کو شکست دینے کی راہ پر گامزن، مملکت میں یومیہ کورونا کیسز کی تعداد 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف 400 سے کچھ زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلائو میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، اور پچھلے چوبیس گھنٹے میں 500 سے بھی کم نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 95 فیصد سے زیادہ مریض تندرست ہوچکے ہیں۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق 26 ستمبر کو پورے دن کے دوران 461 نئے مریض سامنے آئے۔ اس طرح متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 32 ہزار 790 ہو گئی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 769 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔اب تک 3 لاکھ 16 ہزار 405 افراد کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت صحت کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا سے 30 افراد ہلاک ہوئے۔

اس طرح اب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 655 ہو گئی ہے۔اس وقت 11 ہزار730 مریض زیرعلاج ہیں، جن میں سے ایک ہزار 35 مریض انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیرعلاج ہیں۔ مختلف شہروں میں کورونا کے نئے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد جدہ میں رہی جہاں 49 نئے مریض سامنے آئے ۔وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ پچھلے ایک ماہ سے کورونا کے کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کورونا کے کیسز میں کمی کے حوالے سے اب تک تمام اشارے حوصلہ افزا ہیں۔