بجلی کی پیداوار میں اگست کے دوران 4.1 فیصد اضافہ

بدھ 30 ستمبر 2020 10:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2020ء) اگست 2020 کے دوران ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار میں 4.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اگست 2020 میں بجلی کی پیداوار 14 ہزار 630 گیگا واٹ/ گھنٹہ تک پہنچ گئی جبکہ اگست 2019 کے دوران بجلی کی پیداوار 14 ہزار 52 گیگا واٹ/گھنٹہ ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس طرح اگست 2019 کے مقابلہ میں اگست 2020 کے دوران بجلی کی قومی پیداوار میں 578 گیگا واٹ/ گھنٹہ یعنی 4 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

عارف حبیب لمیٹڈ کے تجزیہ کار رائو عامر علی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں بجلی کی مجموعی پیداوار میں آبی وسائل سے پیدا کی جانے والی بجلی کا حصہ سب سے زیادہ 37 فیصد رہا ہے۔ جس کے بعد آر ایل این جی کی مدد سے پیدا کی جانے والی بجلی کا حصہ 21 فیصد رہا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق اگست 2020 کے دوران کوئلے کی مدد سے 17 فیصد، گیس کی مدد سے 10 فیصد ، نیوکلیئر ذرائع سے 6 فیصد جبکہ فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار 5 فیصد رہی ہے۔

انہوں نے کہ کہ ایٹمی ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ سے بجلی کی پیداواری اخراجات میں کمی آئی ہے اور اگست 2020 کے دوران پیداواری قیمت میں 15.4 فیصد کی کمی کے نتیجہ میں پیداواری اخراجات 4.09 روپے فی کلوواٹ/گھنٹہ تک کم ہو گئے۔ مزید برآں آر ایل این جی کی قیمت میں کمی کے باعث آر ایل این جی سے پیدا کی جانے والی بجلی کے پیداواری اخراجات 39 فیصد کی کمی سے 7.02 روپے فی کلو واٹ/گھنٹہ ہو گئے۔