پی ٹی آئی کی اپوزیشن کو جلسے سے پہلے پیشکش

اپوزیشن کے جلسہ کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں، کنٹینر کی ضرورت ہوتووہ بھی حاضر ہے مگر این آر او نہیں ملے گا۔فیصل جاوید

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 30 ستمبر 2020 11:23

پی ٹی آئی کی اپوزیشن کو جلسے سے پہلے پیشکش
اسلام آبا د(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 ستمبر 2020ء) جلسوں کی سیاست سے مشہور پاکستان تحریک انصاف نے اپوزیشن کو 11 اکتوبر کو ہونے والے جلسے کے لیے کنٹینر کی پیشکش کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے اپوزیشن کے جلسہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کنٹینر کی پیشکش کر دی۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسہ کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں، کنٹینر کی ضرورت ہوتووہ بھی حاضر ہے مگر این آر او نہیں ملے گا۔

فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن نے پہلے بھی جلسے کیے اور پورا زور لگایا، عوام اپوزیشن کیساتھ نہیں نکلی کیونکہ عوام ان سے دور نکل گئی ہے۔فیصل جاوید نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کہ یہ وہی چہرے ہیں جو باری باری اقتدار میں آتے رہے ہیں، مگر لوگوں کے لیے کچھ بھی نہیں کیا صرف اپنی جیبیں بھریں۔

(جاری ہے)

فیصل جاوید نے کہا کہ عمران خان انہیں شکست دینے،چوری کو شکست دینے کے لیے سیاست میں آئے تھے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن کی جماعتوں نے 11 اکتوبر کو جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتیں سرگرم ، 11 اکتوبر کو ہونے والے جلسہ عام سے متعلق اجلاس طلب کر لیا ذرائع کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل پارٹیوں مسلم لیگ (ن)پاکستان پیپلزپارٹی‘جمعیت علماء اسلام ‘ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی(مینگل)عوامی نیشنل پارٹی‘ نیشنل پارٹی، قومی وطن پارٹی، مرکزی جمعیت اہل حدیث اور جمعیت علماء پاکستان(نورانی)کے رہنمائوں کا اجلاس آج مورخہ 30 ستمبر بروز جمعرات شام 4 بجے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا ‘ اجلاس میں پی ڈی ایم کے 11 اکتوبر کوئٹہ کے جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔