صوبائی وزیر صحت کا نرسنگ سکول فعال کرنے کیلئے ماسٹر پلان بنانے کا حکم

پیر 5 اکتوبر 2020 15:57

صوبائی وزیر صحت کا نرسنگ سکول فعال کرنے کیلئے ماسٹر پلان بنانے کا حکم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2020ء) : وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے نرسنگ سکول کوپر روڈ کو ازسرنو فعال کرنے کیلئے ماسٹر پلان بنانے کا حکم دے دیا۔صوبائی وزیر صحت نے یہ احکامات فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری سٹاف ڈاکٹر سلمی، وائس چانسلرفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عامرزمان خان،پراجیکٹ ڈائریکٹر شیخ اعجاز،ڈاکٹر عمارہ نعیم،پروفیسرجاوید چوہدری،ڈاکٹر فہیم سعید،ڈاکٹر سجاداور سی اینڈ ڈبلیوکے افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت نے اجلاس کے دوران مدراینڈ چائلڈ ہسپتال گنگارام کی تعمیر، مزنگ میں نئے بننے والے نرسنگ ہوسٹل اورنرسنگ کالج کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلراور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے صوبائی وزیر صحت کو مدراینڈ چائلڈہسپتال پر جاری پیش رفت کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر عامرزمان خان نے صوبائی وزیر صحت کو فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اور گنگارام ہسپتال کی سولرائزیشن کیلئے پریزینٹیشن پیش کی۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ مدراینڈ چائلڈ ہسپتال گنگارام مقررہ وقت پر مکمل کیاجائے گا،اسٹیٹ آف دی آرٹ نرسنگ کالج بنایاجائے گا،پوسٹ گریجوایٹ انسٹی ٹیوٹ آف مِڈ وائفری میں بی ایس سی کروائی جائے گی،پوسٹ گریجوایٹ انسٹی ٹیوٹ آف مِڈ وائفری کی طالبات کیلئے 100بستروں پر مشتمل ہسپتال بنایاجائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے مزید کہاکہ پوسٹ گریجوایٹ انسٹی ٹیوٹ آف مِڈ وائفری کا پی سی ون تیارکیاجائے،فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اور گنگارام ہسپتال کی سولرائزیشن کیلئے پرپوزل بنائی جائے،مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کی تعمیر دن رات جاری ہے،مدراینڈ چائلڈ ہسپتال فلیگ شپ پروگرام ہے،مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کے ذریعے کئی ما ؤں اور بچوں کی صحت کو یقینی بنایاجاسکے گا۔