وزیرا عظم کا گوادر بندر کو مکمل فعال کرنے کیلئے بڑا اقدام

سی پیک ٹو پر کام میں وزارتوں اور اداروں کی کسی بھی تعطل قبول نہیں،شہباز شریف

منگل 14 مئی 2024 21:47

وزیرا عظم کا گوادر بندر کو مکمل فعال کرنے کیلئے بڑا اقدام
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2024ء) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے گوادر بندرگاہ کو مکمل فعال کرنے کیلئے بڑا اقدام اٹھا لیااور کہا کہ سی پیک ٹو پر کام میں وزارتوں اور سرکاری اداروں کی جانب سے کسی بھی قسم کا تعطل قبول نہیں،چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت چین پاکستان اقتصادی راہداری اور چینی سرمایہ کاری کے تحت دیگر منصوبوں کے حوالے سے اعلی سطحی جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس کو سی پیک کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد اورنگزیب، جام کمال خان، احد خان چیمہ، رانا تنویر حیسن، قیصر احمد شیخ، سردار اویس خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، عبدالعلیم خان، معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی. اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعظم نے ملکی درآمدات بالخصوص حکومت کی جانب سے درآمد شدہ اشیاء کا ایک خاص تناسب گوادر بندرگاہ سے درآمد کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ سی پیک ٹو پر تیزی سے عملدرآمد کیلئے تمام وزارتوں کو آپسی روابط مربوط کیا جائے ، چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، چین کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کا مزید فروغ خوش آئند ہے،چین پاکستان اقتصادی شراکت داری تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، متعلقہ افسران و ادارے یقینی بنائیں کہ دونوں ممالک کیلئے اس سے مثبت نتائج حاصل ہوں۔