ولی عہد ابوظہبی شیخ محمد اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو

منگل 13 اکتوبر 2020 12:51

ولی عہد ابوظہبی شیخ محمد اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2020ء) : ابو ظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے ٹیلی فون پر خطے میں امن کے امکانات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق شیخ محمد نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن کے امکانات ، استحکام کی ضرورت ،تعاون اور ترقی کا جائزہ لیا ہے۔

(جاری ہے)

نیتن یاہو نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ میں نے ابوظبی کے ولی عہد کو اسرائیل کے دورے کی دعوت دی ہے،اس کے جواب میں شیخ محمد نے بھی مجھے ابوظبی کے دورے کے دعوت دی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ ان کی کابینہ نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنے کے لیے تاریخی امن معاہدے کی باضابطہ طور پر منظوری دے دی ہے۔یو اے ای کی خبررساں ایجنسی وام کے مطابق نیتن یاہو اور ولی عہد نے اپنی گفتگو میں امریکا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان امن معاہدہ طے کرانے میں اہم کردار کو سراہا ہے۔اس سے ایک روز قبل شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فون پر گفتگو کی تھی۔