سپریم کورٹ کا ریلوے گالف کلب عملدرآمد کیس میں ریلوے اور سابقہ انتظامیہ کو ایک ماہ میں فرگوسن کمپنی کو ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم

منگل 13 اکتوبر 2020 15:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2020ء) سپریم کورٹ نے ریلوے گالف کلب عملدرآمد کیس میں ریلوے اور سابقہ انتظامیہ کو ایک ماہ میں فرگوسن کمپنی کو ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیدیا ۔ منگل کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی ۔ عدالت نے کہاکہ ایک ماہ کے اندر 2015 سے 2019 تک کا تمام ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

نمائندہ فرگوسن نے کہاکہ جب ریکارڈ مل گیا تو 5 سے 6 ماہ میں آڈٹ مکمل کر لیں گے۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہاکہ چیئرمین ریلوے لیز کی بولی کیلئے اشتہار تیار کریں، اشتہار کے متن اور پری کولیفکیشن کی نجکاری کمیشن سے تصدیق کرائی جائے۔عدالت نے ریلوے کی موجودہ انتظامیہ کو کلب بہتر انداز میں چلانے اور زیادہ ریونیو حاصل کرنے کی ہدایت کی ۔جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ اسلام آباد میں گن اینڈ کنٹری کلب نے گزشتہ ایک سال میں 30 کروڑ روپے بچائے ہیں۔

جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ ریلوے گالف کلب کے مقابلے میں گن اینڈ کنٹری کلب چھوٹا سا کلب ہے، جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں ریلوے گالف کلب گن اینڈ کنٹری کلب کے مقابلے میں بہت زیادہ ریونیو اکٹھا کریگا۔ کیس کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی گئی ۔