سردی کی اچانک اور شدید لہر، کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا

کئی علاقوں میں سرد سائبیرین ہوائیں چلنے سے سردی کی لہر شروع، بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی بڑھ گئی

جمعرات 15 اکتوبر 2020 01:02

سردی کی اچانک اور شدید لہر، کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2020ء) سردی کی اچانک اور شدید لہر، کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، کئی علاقوں میں سرد سائبیرین ہوائیں چلنے سے سردی کی لہر شروع، بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی بڑھ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق قلات میں اچانک سائبیرین سرد ہواوں کے باعث سردی کی شدت اچانک بڑھنے سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔

قلات میں درجہ حرارت منفی چار ریکارڈ کیا گیا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ اور گردونواح میں ہوائیں چلنے سے سردی کی لہر شروع ہوئی ہے، آج کم سے کم درجہ حرارت صفرڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا ہے،سردی بڑھنے سے کوئٹہ اوردیگرعلاقوں میں گرم کپڑوں کااستعمال شروع ہوگیا ہے، دوسری جانب وادی میں موسم سرد ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کے مسائل پیدا ہوگئ، جس سے شہریوں کو سخت مشکلات درپیش آرہی ہیں۔

(جاری ہے)

،اسی طرح قلات، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ سمیت صوبے کے شمالی علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں کمی آنے سے سردی بڑھ گئی ہے، زیارت میں کم سیکم درجہ حرارت منفی دو ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا ہے، مستونگ میں درجہ حرارت صفر،پشین میں دو ، مسلم باغ میں چھ اور دالبندین،نوکنڈی اور پنجگور میں نو ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا، آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقراررہنے جبکہ تربت، گوادر، پسنی، اورماڑہ اور پنجگور میں موسم گردآلود رہنے کاامکان ہے۔