گھوٹکی میں دھوبی کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے کی ٹرانزیکشن، ایف بی آر نے تحقیقات شروع کردیں

دھوبی رمیش کمار کے اکاؤنٹ سے 12 ارب 78 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشنز کا انکشاف، ایف بی آر نے کروڑوں روپے کا ٹیکس جمع کروانے کا نوٹس بھجوا دیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 18 اکتوبر 2020 15:35

گھوٹکی میں دھوبی کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے کی ٹرانزیکشن، ایف بی آر نے ..
گھوٹکی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین - 18 اکتوبر 2020ء) ایف بی آر نے گھوٹکی کے ایک دھوبی کو کروڑوں روپے ٹیکس دینے کا نوٹس بھیج دیا۔ تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کے رہنے والی دھوبی رمیش کمار کے اکاؤنٹ سے 12 ارب 78 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئی تھیں جن کے بعد ایف بی آر نے اسے کروڑوں روپے کا ٹیکس جمع کروانے کا نوٹس بھجوا دیا۔ رمیش کمار کو جب نوٹس ملا تو اس وقت اسے اپنے اکاؤنٹ کی ٹرانزیکشن کا علم ہوا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گھوٹکی کی ایک شوگر مل کے سابق سینٹری ورکر اور موجودہ دھوبی رمیش کمار کے اکاونٹ سے 12 ارب 78 کروڑ سے زیادہ کی ٹرانزیکشن ہوئی۔ رمیش کمار کو ایف بی آر کی جانب سے کروڑوں روپے ٹیکس ادا کرنے کا نوٹس ملا تو اسے اپنے اس اکاونٹ اور اس میں ہونے والی ٹرانزیکشن کا پتہ چلا ۔

(جاری ہے)

2009 میں رمیش کمار غلام محمد شوگر مل میں سینٹری ورکر کے طور پر کام کرتا تھا۔

اس وقت اس کے بینک اکاؤنٹ سے اربوں روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی۔ رمیش کمار کا کہنا ہے کہ وہ دو سال پہلے شوگر مل کی نوکری چھوڑ دی تھی اور اب وہ دھوبی کا کام کرتا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ اسے اس ٹرانزیکشن کا کوئی علم نہیں۔ اعلیٰ حکام اور ایف بی آر اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ٹرانزیکشن چینی کی خریداری کی مد میں کی گئی ہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ وہ اس سارے واقعے کی مکمل تحقیقات کریں گے، اس لیے انہوں نے رمیش کمار کو بھی طلب کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ایک پاپڑ بیچنے والے اور ایک چائے بیچنے والے کے اکاؤنٹ سے بھی اربوں روپے کی ٹرانزیکشن کا انکشاف ہو چکا ہے۔