دُبئی کے آپریشن تھیٹر میں انوکھا واقعہ پیش آ گیا

چند منٹ پہلے پیدا ہونے والے بچے نے ڈاکٹر کے منہ سے ماسک اُتار دیا، واقعے کی تصویر وائرل

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 19 اکتوبر 2020 17:24

دُبئی کے آپریشن تھیٹر میں انوکھا واقعہ پیش آ گیا
دُبئی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19اکتوبر2020ء ) دُبئی کے آپریشن تھیٹر میں ایک انتہائی انوکھا واقعہ پیش آیا جب چند منٹ پہلے پیدا ہونے والے بچے نے ڈاکٹر کے منہ سے ماسک ہٹا دیا اوراس ماسک کو کافی دیر تک پکڑے رکھا۔ گلف نیوز کے مطابق لبنانی ڈاکٹر ثمر شائب ڈلیوری کا آپریشن کر رہے تھے جب نوزائیدہ جڑواں بچوں میں سے ایک بچے نے ان کا ماسک اُتار دیا تو وہ اس حرکت پر حیران رہ گئے ۔

بچوں کے والد نے یہ منظر موبائل کیمرے میں محفوظ کر لیا جو بعد میں سوشل میڈ یا پر پوسٹ ہو کر دُنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔ 42 سالہ ڈاکٹر ثمر نے بتایا ”میں آپریشن تھیٹر میں ایک خاتون کا سی سیکشن ڈلیوری کیس کررہا تھا۔ اس خاتون نے اللہ کے کرم سے جڑواں بچوں کو جنم دیا، جن میں سے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔

(جاری ہے)

پہلے بچی پیدا ہوئی۔ جونہی بچہ پیدا ہوا تو میں اسے پکڑ کر اپنے قریب کیا تو اس نے اپنے ایک ہاتھ سے میرا فیس ماسک پکڑ کر چہرے سے ہٹا دیا۔

ہم سب اس نوزائیدہ بچے کی شرارت پر ہنس پڑے۔ ہو سکتا ہے یہ ہمارے لیے دُنیا سے کورونا کے خاتمے کے حوالے سے اچھا شگون ثابت ہو۔ وہ وقت ضرور آئے گا جب ہم کورونا وبا پر قابو پالیں اور اپنے ماسک اُتار پھینکیں گے۔ میں عام طور پر نوزائیدہ بچوں کی تصویریں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتا ہوں تاکہ حاملہ خواتین کا زچگی کے حوالے سے خوفTokophobia دُور ہو سکے۔

یہ میرے سرجری کیریئر کا پہلا بچہ ہے جس نے میرا ماسک ہٹایا ہے۔ “ڈاکٹر ثمر NMC کے فقیہ آئی وی ایف کلینک میں گائناکالوجسٹ کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی یہ تصویر چند گھنٹوں کے اندر اتنی وائرل ہوئی کہ گزشتہ روز تک اس پر 40 ہزار لائکس ہو گئے تھے۔ لوگوں نے بچے کی جانب سے ماسک ہٹائے جانے کی کوشش کو کوروناکے ختم ہونے کا اشارہ قرار دیا ہے۔