ججز تقرری کیخلاف درخواستوں کی سماعت

درخواست قابل سماعت کیلئے معززجج کے سوالات،وکیل کو تیاری کی مہلت دیدی

پیر 19 اکتوبر 2020 22:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2020ء) سپریم کورٹ میں سندھ ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس میں ججز تقرری کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی ۔ عدالت نے وکیل درخواست گزار کو تیاری کیلئے مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 15 روز کیلئے ملتوی کر دی ۔کیس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ عدالت کو مطمئن کریں کہ 184/3 کے تحت آپکی درخواست قابل سماعت ہے،آپکے کیس میں کونسا عوامی مفاد یا بنیادی حق متاثر ہوا ہے،جج کی اہلیت نہ ہو تو کیا اس میں آپکا حق متاثر ہو جائے گا،آپکے حقوق کون متاثر کر رہا ہے،آپ کم از کم مجھے مطمئن نہیں کر پائے کہ آپکی درخواست قابل سماعت ہے۔

وکیل درخواست گزار نے اس موقع پر موقف اپنایا کہ ایک جج کی تقرری اہلیت کے مطابق ہونی چاہیے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ آپ تیاری کیساتھ آئیں اور عدالت کے سوالوں کے جواب دیں،آپ ججز کیخلاف بغیر وجہ مقدمہ دائر نہیں کر سکتے۔بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے وکیل درخواست گزار کی تیاری کیلئے مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 15 روز کیلئے ملتوی کر دی ہے۔۔۔۔۔توصیف