نوازشریف حاضر ہوں! طلبی کے اشتہار لندن میں بھی لگیں گے

طلبی کے اشتہارات سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن رہائش کے ٹاؤن کے کسی چوراہے میں بھی چسپاں کیے جائیں ، رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے سیکرٹری وزارت خارجہ کو خط لکھ دیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 اکتوبر 2020 13:57

نوازشریف حاضر ہوں! طلبی کے اشتہار لندن میں بھی لگیں گے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2020ء) مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن میں موجود رہائش گاہ پر بھی ان کی طلبی کے اشتہارات لگائے جائیں گے۔ میڈیا ذرائع کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں عدالتی حکم پر عمل درآمد کروانے کے لیے سیکرٹری وزارت خارجہ کو خط لکھ دیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ طلبی کے اشتہارات سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن رہائش کے ٹاؤن کے کسی چوراہے میں بھی چسپاں کیے جائیں ، کیوں کہ عدالت کی طرف سے وفاقی حکومت کو حکم دیا گیا ہے کہ نواز شریف کی لندن رہائش گاہ کے قریب کسی مقام پر بھی طلبی کا اشتہار چسپاں کیا جائے اور لندن کے تینوں مقامات پر اشتہار پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے ذریعے چسپاں کروائے جائیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 07 اکتوبر2020ء کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بذریعہ اشتہار طلب کرنے کا حکم دیا تھا ، جہاں عدالت نے العزیزیہ اور ایوان فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو بذریعہ اشتہار طلب کیا، نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کے لیے 3 گواہوں کی شہادتیں قلمبند کیے گئے تھے، جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا تھا کہ نواز شریف کے مطلوب ہونے کا اشتہار رہائش گاہ پر چسپاں کروائے ، انگریزی اردو اخبارات میں نواز شریف کے مطلوب ہونے کا اشتہار دیا جائے ، جن اخبارات کی اشاعت برطانیہ سے ہوتی ہے ان اخبارات کو بھی شتہار چھاپنے کا حکم دیا جائے۔

جس کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کی طلبی کا اشتہار اخبارات میں شائع کر دیا گیا ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر نواز شریف کی طلبی کا اشتہار 2 اخبارات میں شائع ہوا، اشتہار کے متن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف عدالت میں پیش ہوں۔نواز شریف کو 24 نومبر تک عدالت میں پیش ہو کر کاروائی کا سامنا کرنے کا حکم دیا گیا۔