شہری کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں،سعودی وزیر صحت

ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو کیسز میں اضافہ ہوجائے گا،بیان

منگل 20 اکتوبر 2020 21:23

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2020ء) سعودی حکومت نے شہریوں کو ہدایات دی ہیں کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو کیسز میں اضافہ ہوجائے گا۔ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب گذشتہ عرصے کے دوران کورونا وائرس کی وبا سے بچاؤ کے لیے مقرر تدابیر کی پابندی کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نئے کورونا وائرس کی تازہ صورت حال کے حوالے سے کہا کہ ان دنوں دنیا کے متعدد ملکوں میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آئی ہوئی ہے، متاثرہ ممالک حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد میں بے پروائی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔توفیق الربیعہ نے خبردار کیا کہ اگر سعودی عرب میں وبا سے تحفظ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر کی پابندی میں بے پروائی برتی گئی تو یہاں آئندہ ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز بڑھ جائیں گے۔ انہوں نے کہا سعودی عرب دنیا بھر میں کورونا ویکسین کے حصول کے لیے جاری جدوجہد اور تحقیق پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ سعودی عرب کورونا ویکسین تیار ہوتے ہی اپنے یہاں مہیا کرے گا۔