آذربائیجانی اداکارہ کا آرمینیا کیخلاف جنگ میں تعاون کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ

کبھی بھی سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک نہیں رہی اور اس کے باوجود بھی بہت سارے پاکستانی صارفین انسٹاگرام پر میری پوسٹس پر تبصرے کرتے ہوئے میرے لیے محبت بھرے پیغامات جاری کرتے ہیں، اپنے مداحوں سے ملنے کے لیے جلد ہی پاکستان آؤں گی، اداکارہ گونول ناگیئفا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 20 اکتوبر 2020 23:24

آذربائیجانی اداکارہ کا آرمینیا کیخلاف جنگ میں تعاون کرنے پر وزیراعظم ..
باکو (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اکتوبر2020ء) آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی ڈرامہ سیریل ار طغرل کی اداکارہ گونول ناگیئفا نے آرمینیااور آذربائیجان کے درمیان جاری جنگ میں آذربائیجان کی حمایت کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں ولن نویان کی بہن الانگویا کا کردار نبھانے والی آذربائیجانی ترک اداکارہ گونول ناگیئفا نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اداکارہ گونول نے عمران خان کا آرمینیا سے جاری تنازعے پر آذربئیجان کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ بین الاقوامی میڈیا ذرائع کے مطابق دیریلیس ارطغرل کے سیزن 4 میں ارطغرل کے دشمن نویان کی بہن الانگویا کا کردار نبھانے والی اداکارہ گونول ناگیئفا نے اپنے ایک انٹرویو میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اس حمایت کے لیے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ وہ میرے ملک آذربائیجان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان میں ترکش سیریز ’ارطغرل غازی‘ نشر کرنے پر بھی وزیراعظم عمران خان کا مزید شکریہ ادا کیا۔ انٹرویو کے دوران پاکستانی مداحوں کے متعلق بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے ایجنٹ نے مجھے فون کیا اور مجھ سے پوچھا کہ کیا تم جانتی ہو کہ پاکستان میں لوگ تمہارے بارے میں جاننا چاہتے ہیں اور سوشل میڈیا پر تمہارا نام سرچ کرکے تم سے متعلق معلومات حاصل کر رہے ہیں۔

اداکارہ گونول ناگیئفا نے کہا کہ اپنے ایجنٹ کی بات سُن کر میں دنگ رہ گئی اور میں نے اُن سے سوال کیا کہ پاکستان میں لوگ میرے بارے میں کیوں جاننا چاہتے ہیں؟ جس پر میرے ایجنٹ نے جواب دیا کہ ارطغرل غازی میں تمہارا کردار دیکھنے کے بعد پاکستانی شائقین تمہارے مداح ہوگئے ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سے ملنے والی محبت غیر معمولی ہے۔

انہوں نے کہا کہ "میں کبھی بھی سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک نہیں رہی اور اس کے باوجود بھی بہت سارے پاکستانی صارفین انسٹاگرام پر میری پوسٹس پر تبصرے کرتے ہوئے میرے لیے محبت بھرے پیغامات جاری کرتے ہیں"۔ ترک اداکارہ نے اپنے مداحوں سے ملنے کے لیے جلد ہی پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کردی۔ آذربائیجان کا ساتھ دینے پر ترک اداکارہ وزیراعظم عمران خان کی شکرگزار گونول ناگیئفا نے کہا کہ ’اس سے پہلے پاکستان کے بارے میں میرا علم صرف وکی پیڈیا تک ہی محدود تھا لیکن اب مجھے معلوم ہوا کہ پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد تھا اور پاکستان میں جو زبانیں بولی جاتی ہیں وہ اردو اور انگریزی ہیں اور اب میں اس ملک کے بارے میں بہت کچھ جاننا چاہتی ہوں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی دیریلیس ارطغرل کی کاسٹ کے کئی اداکار پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں ۔