سی سی پی او لاہور کی اپنے کاروباری شراکت داروں کو دھمکانے کی مبینہ آڈیو ریکارڈنگ سامنے آگئی

ایک کینیڈا بھاگ گیا دوسرا یہاں چھپ گیا ، گالیاں نہ نکالوں تو کیا کروں، دل کرتا ہے آپ تینوں کومار کر خود بھی مرجاؤں، آپ میری موت کا سامان کر رہے ہو ، میں آپ کی موت کا سامان کروں گا: سی سی پی او لاہور

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 22 اکتوبر 2020 00:24

سی سی پی او لاہور کی اپنے کاروباری شراکت داروں کو دھمکانے کی مبینہ آڈیو ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2020ء) سی سی پی او لاہور کی اپنے کاروباری شراکت داروں کو گالیاں دینے اور دھمکانے کی مبینہ آڈیو ریکارڈنگ سامنے آگئی ۔ تفصیلات کے مطابق کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور عمر شیخ کی ایک اور مبینہ آڈیو ریکارڈنگ سامنے آگئی ہے۔ آڈیو ریکارڈنگ میں عمر شیخ اپنے کاروباری شراکت داروں کو گالیاں نکالتے اور دھمکیاں دیتے سنائی دے رہےہیں ۔

آڈیو میں مبینہ طور پر عمر شیخ کہہ رہے ہیں کہ "جو بھی واقف نکلا، اس نے مجھے چھرا مارا، آپ تینوں بھائیوں کے منہ پر لعنت ہو، اب آپ سےکھلی جنگ ہوگی، آخری 5 سالوں میں کام اس لیے شروع کیا تھا کہ باعزت روزگار بن جائے"۔ سی سی پی او نے کال کے دوران مخاطب کو گالیاں بھی دیں ۔ مبینہ آڈیو میں عمر شیخ کسی شخص کو دھمکاتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ "ایک کینیڈا بھاگ گیا دوسرا یہاں چھپ گیا ، گالیاں نہ نکالوں تو کیا کروں، دل کرتا ہے آپ تینوں کومار کر خود بھی مرجاؤں، آپ میری موت کا سامان کر رہے ہو ، میں آپ کی موت کا سامان کروں گا"۔

(جاری ہے)

عمرشیخ نے مزید کہا کہ مجھے جواب دو ورنہ چھوڑوں گا نہیں ۔ اس حوالے سےسی سی پی او لاہور نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ ذاتی دوستوں سے بات ہورہی تھی اورکچھ نہیں ہے ۔ یاد رہے کہ ایک دن پہلے خاتون کو فون پر غلیظ گالیاں دینے کی آڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، متاثرہ خاتون نے سی سی پی او کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دے رکھی ہے۔ واضح رہے کہ سی سی پی او لاہور آج اچانک تین یوم کی رخصت پر چلے گئے ہیں۔

ترجمان لاہور پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عمر شیخ تین یوم کی رخصت پر ہیں اور انہوں نے 21 ، 22 اور 23 اکتوبر تک چھٹی لی ہے۔ ترجمان کے مطابق سی سی پی او لاہور محمد عمر شیخ 24 اکتوبر بروز ہفتہ دوبارہ فرائض سرانجام دیں گے ۔ یاد رہے کہ سی سی پی او عمر شیخ نے جب سے عہدہ سنبھالا ہے وہ تنازعات کی زد میں ہیں ۔

متعلقہ عنوان :