کینیڈین وزیراعظم کی حکومت کا تختہ الٹا دیے جانے کا امکان

جسٹن ٹروڈو پر اپنے دوستوں کو سرکاری ٹھیکے دیے جانے کا الزام، اپوزیشن کا عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کا اعلان

muhammad ali محمد علی جمعہ 23 اکتوبر 2020 00:46

کینیڈین وزیراعظم کی حکومت کا تختہ الٹا دیے جانے کا امکان
ٹورنٹو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) کینیڈین وزیراعظم کی حکومت کا تختہ الٹا دیے جانے کا امکان، جسٹن ٹروڈو پر اپنے دوستوں کو سرکاری ٹھیکے دیے جانے کا الزام، اپوزیشن کا عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق سیاسی طور پر مستحکم مانے جانے والے ملک کینیڈا میں بھی سیاسی ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، اپوزیشن نے ان کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی دھمکی بھی دی ہے۔

اس دھمکی کے بعد جسٹن ٹروڈو کی حکومت کا تختہ الٹا دیے جانے کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ کینیڈین وزیراعظم پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے دوستوں کو سرکاری ٹھیکے دیے۔ اپوزیشن جماعتوں نے مطالبہ کیا کہ کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے نام پر دیے جانے والے ٹھیکوں کی تحقیقات کی جائیں۔

(جاری ہے)

تحقیقات کی جائیں کہ جسٹن ٹروڈو نے کیوں اپنے دوستوں پر کرم نوازیاں کیں اور وہ بروقت انتخابات کی راہ میں کیوں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں انتخابات کا بروقت انعقاد کروایا جائے۔ کینیڈا میں انتخابات کے بروقت انعقاد کے حوالے سے جسٹن ٹروڈو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی وبا تاحال عروج پر ہے، ایسی صورت حال میں انتخابات کا انعقاد کسی خطرے سے خالی نہیں ہوگا۔ ایسے خطرناک حالات میں شہری اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال نہیں کرسکیں گے۔

حکومت کے اس جواب کے بعد کینیڈا کی اپوزیشن جماعت لبرل پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ جسٹن ٹروڈو کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرے گی۔ اس تمام صورتحال میں کینیڈا کے سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ جسٹن ٹروڈو کے پاس ایوان میں اکثریت نہیں ہے، جبکہ ان کی اتحادی جماعت نے بھی اپوزیشن سے رابطے شروع کردیے ہیں۔ ایسی صورتحال میں ان کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی تو ٹروڈو کیلئے حکومت بچانا ممکن نہیں ہوگا۔ اس حوالے سے حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں کوئی بڑی پیشرفت نہیں ہوگی، جسٹن ٹروڈو انتخابات کا جلد اعلان کر دیں گے۔