کورونا کے خلاف اہم پیشرفت ، ایف ڈی اے نے پہلا منظور شدہ علاج بتادیا

عالمی وباء کے خلاف ’ریم ڈیسوئر‘ پہلی منظور شدہ دوا بن گئی ، چند روز میں اسے کورونا کے مریضوں پر استعمال کیا جاسکے گا ، ریم ڈیسوئر کی ہسپتالوں کو سپلائی کی منظوری بھی دے دی گئی ، جہاں اس کو تین ہزار 120 ڈالرز میں فروخت کیا جائے گا ، امریکی میڈیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 23 اکتوبر 2020 10:49

کورونا کے خلاف اہم پیشرفت ، ایف ڈی اے نے پہلا منظور شدہ علاج بتادیا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2020ء) دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کے حوالے سے امریکی فیڈرل ڈرگ اتھارٹی نے ریمڈیسوئر کی منظوری دے دی جو کہ عالمی وباء کا پہلا منظور شدہ علاج بن گیا۔ اس بارے میں امریکی میڈیا کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے علاج کی غرض سے استعمال کے لیے پہلی دوا کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ، جس کے بعد عالمی وباء کے خلاف ریمڈیسوئر کورونا وائرس کا پہلا منظور شدہ علاج ہو گا ، جب کہ آنے والے چند روز میں ہی اس دوا کو کورونا وائرس کے مریضوں پر استعمال کیا جاسکے گا ، اس سلسلے میں ایف ڈی اے نے ریمڈیسوئر کی ہسپتالوں کو سپلائی کرنے کی منظوری بھی دے دی ، جہاں اس دوا کو تین ہزار 120 ڈالرز میں فروخت کیا جائے گا ، اور اس سال2.17 ارب ڈالرکی دوا فروخت کی جائے گی ، دوسری طرف ایف ڈی اے کی منظوری کے ساتھ ہی اس دوا کو تیار کرنے والی کمپنی کے اسٹاک شیئرزمیں بھی 4.1 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل عالمی ادارہ صحت کی طرف سے بھی رواں برس کے آخر تک کورونا ویکیسن تیار کرنے کا اعلان کیا گیا تھا ، تفصیلات کے مطابق ایگزیکیٹو بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی اداہ صحت کے ڈائریکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم غیبریسس نے کہا ہے کہ اس سال کے آخر تک ویکسین تیار ہوجائے گی ، ویکسین کی منصفانہ تقسیم کے لیے سیاسی قیادت کو کردار ادا کرنا ہوگا ، کیوں کہ کورونا سے لڑنے کیلیے ہمیں ایک ویکسین کی اشد ضرورت ہے ، اور ایسی ایک ویکسین کی اس سال کے آخر تک تیار ہونے کی امید ہے ، جس کے لیے ڈبلیو ایچ او کی ’کوویکس گلوبل ویکسین فیسیلیٹی‘ میں 168 ممالک شامل ہوچکے ہیں جو ویکسین کی 2 ارب خوراکیں بنانے کے عزم کے تحت کام کر رہے ہیں ، تاہم ویکسین کی تیاری کے بعد اس کی منصفانہ تقسیم کے لیے یکجہتی اور سیاسی عزم کی ضرورت ہے ، ویکسین کی رسائی ہر ایک شخص تک ممکن بنانے کے لیے جدید سائنسی اور سماجی ضابطوں پر عمل کرنا ہوگا ۔