ایران واحد اسلامی ملک جس کا نام ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل ہے

شمالی کوریا کا نام بھی بلیک لسٹ میں شامل، پیرس میں ہوئے اجلاس کے دوران پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ، جبکہ آئس لینڈ اور منگولیا کو وائٹ لسٹ میں شامل کر لیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 23 اکتوبر 2020 22:34

ایران واحد اسلامی ملک جس کا نام ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل ہے
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2020ء) ایران واحد اسلامی ملک جس کا نام ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل ہے، شمالی کوریا کا نام بھی بلیک لسٹ میں شامل، پیرس میں ہوئے اجلاس کے دوران پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ، جبکہ آئس لینڈ اور منگولیا کو وائٹ لسٹ میں شامل کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا اجلاس ہوا۔

اجلاس کی صدارت ایف اے ٹی ایف کے سربراہ مارکس پلیئر نے کی۔ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں آئس لینڈ اور منگولیا کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، جبکہ پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کے بارے میں بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران آئس لینڈ اور منگولیا کا نام گرے لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران بلیک لسٹ میں شامل ممالک ایران اور شمالی کوریا کو اسی لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

جبکہ اجلاس کے دوران بھارت کی تمام سازشوں کے باوجود پاکستان بلیک لسٹ میں جانے سے بچ گیا۔ اس حوالے سے صدر ایف اے ٹی ایف کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ پاکستان نے تمام ایکشن پوائنٹس پر واضح پیش رفت دکھائی ہے۔ کل 27 میں سے 21 ایکشن پوائنٹس پر مکمل عمل درآمد کیا ہے، تاہم 6 پوائنٹس پر اب بھی مزید پیش رفت کی ضرورت ہے، اس لیے پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صدر فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے مزید کہا ہے کہ پاکستان فروری 2021تک گرے لسٹ میں رہے گا۔ اگلے اجلاس سے پہلے چیک کرینگے کہ پاکستان 6 نکات پر موثر طریقے سے عملدرآمد کر رہا ہے یا نہیں۔ پاکستان میں 27 نکات پر عمل درآمد کی پیشرفت اوراسکی خواہش پائی جاتی ہے۔ حکومت پاکستان نےیقین دہانی کرائی ہے کہ ان پرعملدرآمد کرے گی۔ پاکستان نکات پرعملدرآمد سے متعلق ترقی کررہا ہے۔ جب پاکستان تمام 27نکات پرعمل درآمد یقینی بنالے گا تب ایک ٹیم پاکستان کا دروہ کریگی۔ پاکستان کے دورے کا مقصد زمینی حقائق کا جائزہ لینا ہوگا۔