عوام میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے،، بیگم ثمینہ عارف علوی

آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال ہزاروں خواتین چھاتی کے کینسر کی وجہ سے انتقال کرجاتی ہیں جس کیلئے ہمیں کام کرنا چاہئے

اتوار 25 اکتوبر 2020 23:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2020ء) خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہاہے کہ آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال ہزاروں خواتین چھاتی کے کینسر کی وجہ سے انتقال کرجاتی ہیں، جس کے لیے ہمیں کام کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

آغا خان یونیورسٹی اسپتال کراچی میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوام میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ پاکستان میں چھاتی کے کینسر کے کیسز کی بہت بڑی تعداد اس وقت رپورٹ ہوتی ہے جب یہ بیماری مریض میں پھیل چکی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ چھاتی کے کینسر کی بیماری کیلیے حکومت اور مخیر حضرات کو آگے آنا ہوگا تاکہ دوردراز علاقوں میں اس مرض میں مبتلا خواتین کو وقت پر علاج میسرآسکے ۔اس موقع پر آغا خان یونیورسٹی اسپتال کی بریسٹ کینسر سرجن ڈاکٹر عابدہ ستار ، آغا خان میڈیکل کالج کے ڈین ڈاکٹر عادل حیدر اور دیگر ڈاکٹرز نے اپنے خطاب میں چھاتی کے کینسر پر آغا خان یونیورسٹی اسپتال کی خدمات سے متعلق آگاہ کیا اور اپیل کی کہ چھاتی کے کینسر جیسے موذی مرض سے نمٹنے کیلیے آغا خان یونیورسٹی کو عطیات دیئے جائیں۔