بیگم ثمینہ علوی کا لاہور میں خصوصی بچوں کے سرکاری تربیتی ادارے کا دورہ

بچوں کو فراہم کی جانیوالی موجود سہولیات بارے دریافت کیا

منگل 27 اکتوبر 2020 20:22

بیگم ثمینہ علوی کا لاہور میں خصوصی بچوں کے سرکاری تربیتی ادارے کا دورہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء)خا تون اول بیگم ثمینہ علوی نے منگل کے روز خصوصی بچوں کے ادارے گورنمنٹ شاداب ٹریننگ انسٹیٹیوٹ لاہورکا دورہ کیا اوریہاں بچوں کو فراہم کی جانیوالی موجود سہولیات بارے دریافت کیا۔ ادارے کے خصوصی بچوںکی جانب سے انکی آمد پر پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔ انہوں نے ادارے کے مختلف شعبہ جات ماڈل گروپ،سیکنڈری گروپ،آٹسٹک گروپ اور پرنسپل آفس کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

خاتون اول نے ادارے میں خصوصی بچوں کی جانب سے لگائے گئے ہینڈی کرافٹس کے مختلف سٹالز کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر انہوں نے خصوصی بچے کی بنائی گئی ایک پینٹنگ کو سراہتے ہوئے بچوں کو محنت کی تلقین کی اور انکے کام کی تعریف کی۔اس موقع پر بچوں کی جانب سے خصوصی ڈانس پیش کیا گیا جبکہ سکائوٹس ٹیم نے خاتون اول کو سلامی پیش کی۔ خاتون اول نے سکول میں پودا بھی لگا یا اور اسکے پروان چڑھنے کی دعا کی۔اس سے پہلے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل نے خاتون اول کو ادارے کے مختلف شعبہ جات بارے بریفنگ د ی اور خصوصی بچوں کیلئے مزید کئے جانیوالے اقدامات کی تفصیلات بارے آگاہ کیا۔