امریکہ، علاقائی ممالک اور بیجنگ کے مابین نفرت کے بیج بورہا ہے،چین

امریکا سری لنکا کو دھمکانے اور دبائوڈالنے سے باز رہے،چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے،بیان

بدھ 28 اکتوبر 2020 16:22

کولمبو/بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2020ء) چین نے کہا ہے کہ امریکا بیجنگ اور علاقائی ممالک کے مابین نفرت کے بیج بو رہا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے دورہ بھارت سے متعلق اپنے ردعمل میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ویبن نے کہا کہ پومپیو کے چین پر الزامات اور حملے کوئی نئے نہیں، یہ بے بنیاد الزامات ہیں جو اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ امریکہ ابھی تک نظریاتی تعصبات اور سرد جنگ کی ذہنیت میں ہی پھنسا ہوا ہے۔

ادھر پومپیو کے دورہ سری لنکا سے قبل چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا سری لنکا کو دھمکانے اور دبائوڈالنے سے باز رہے۔ امریکی وزیر خارجہ جس طرح چین، سری لنکا تعلقات میں مداخلت اور دونوں ملکوں میں دراڑیں پیدا کرنے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں، چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔