آئی جی سندھ کی ام رباب چانڈیو کیس میں متاثرین انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی

مشتاق مہر کا ملزمان کی عدم گرفتاری پر ایس ایس پی دادو،ایس ایس پی قمبر پر سخت برہمی کا اظہار

جمعرات 29 اکتوبر 2020 20:20

آئی جی سندھ کی ام رباب چانڈیو کیس میں متاثرین انصاف کی فراہمی کی یقین ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) آئی جی سندھ نے میہڑ ضلع دادو میں ام رباب چانڈیو کے خاندان کے قتل ہونے والے افراد کی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کی ۔اس ملاقات کے دوران انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ نے متاثرہ خاندان کے افراد کو پولیس کی طرف سے مکمل تعاون اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا یقین دلایا۔

29اکتوبر2020 کو ضلع دادو اور قمبر شہداد کوٹ کی پولیس نے مطلوبہ اشتہاری ملزمان غلام مرتضی چانڈیو اور ذوالفقار چانڈیو کی گرفتاری کیلئے معلومات کی بنیاد پر ایک مشترکہ آپریشن کیا ۔یہ ملزمان تھانہ میہڑ ضلع دادو کی مذکورہ تہرے قتل کی واردات میں مفرور ہیں۔اس آپریشن کے دوران ایس ایس پی دادو،ایس ایس پی قمبر شہداد کوٹ کی نگرانی میں پولیس کی ایک بھاری نفری نے مشکوک علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا ۔

(جاری ہے)

اس آپریشن کی اطلاع پہلے سے ہی ملنے کی وجہ سے مرکزی ملزم گرفتار نہ ہوسکے۔اس غفلت پر ایک علیحدہ انکوائری شروع کردی گئی ہے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس نے ملزمان کی عدم گرفتاری کی وجہ سے ایس ایس پی دادو،ایس ایس پی قمبر پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور مذکورہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ جلد از جلد ملزمان کی گرفتاری کیلئے مربوط اور ہر کوشش کی جائے۔

بصورت دیگر اس مجرما نہ غفلت کی بنا پر مذ کو رہ افسرا ن کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کی جا ئیگی۔ آئی جی سند ھ نے ایس ایچ اوز کی سیاسی بنیادوں اور مقامی باا ثر لوگ جوکہ خود جرائم کی سرپرستی کرتے ہیں، کے ایما پر پوسٹنگ کی اطلاعات پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ یہ بھی انکشاف ہوا کہ چند ایس ایچ او مطلوبہ مفرور ملزمان کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہیں۔

اس پرانسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اس صورتحال کو درست کیا جائے اور آئندہ کسی بھی اہم پوسٹ پر تعیناتی صرف پیشہ وارانہ اہلیت کی بنیاد پر کی جائے۔یہ سرچ آپریشن ملزمان کی گرفتاری تک جاری رکھا جائیگا اور پولیس کی تعیناتی اس طرح عمل میں لائی جائے گی کہ جب بھی ملزمان کی نقل و حمل کے بارے میں کوئی قابل بھروسہ اطلاع ملے تو فوری کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔

آئی جی سندھ نے متعلقہ افسران کو وارننگ دی ہے کہ وہ مطلوبہ ملزمان کی گرفتاری جلد سے جلد عمل میں لائیں ورنہ ان کے خلاف مجرمانہ غفلت کی بنا پر محکمانہ کاروائی کا آغاز کر دیا جا ئے گا۔آئی جی سندھ نے سکھر ریجن کے تمام افسران کو اپنے فرائض بغیر کسی خوف اور مصلحت کے اور سیاسی ترجیحات سے بالا تر ہو کر ادا کرنے کی ہدایت کی اور بالائی سندھ کے چند اضلاع میں امن و امان کی صورت حال پر تشویش کا اظہار بھی کیا ۔

آئی جی سندھ نے متعلقہ افسران کو صورت حال میں بہتری لانے کی ہدایت کی بصورت دیگر تمام افسران کے خلاف سخت ایکشن کی وارننگ دی ۔ آئی جی سندھ نے افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ منتخب نمائندگان کے ساتھ احترام سے پیش آئیں لیکن کوئی بھی شخص جو کہ جرائم یا مجرمان کی سرپرستی میں ملوث ہے اس کے خلاف اس کی سیاسی حیثیت کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بلا تفریق کاروائی کی جائے ۔