پہلا ون ڈے ، پاکستان نے زمبابوے کو کامیابی کے لیے282 رنز کا ہدف دیدیا

امام الحق اور حارث سہیل کی نصف سنچریاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 30 اکتوبر 2020 15:44

پہلا ون ڈے ، پاکستان نے زمبابوے کو کامیابی کے لیے282 رنز کا ہدف دیدیا
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30اکتوبر 2020ء ) تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے زمبابوے کو کامیابی کے لیے 282 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے ایک بار پھر دفاعی مائنڈ سیٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جارح مزاج فخر زمان کی جگہ عابد علی کو موقع دیا جب کہ حارث رئوف آج اپنا پہلا ون ڈے کھیل رہے ہیں ۔

پاکستان کے لیے امام الحق اور عابد علی نے محتاط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو 47 رنز کا آغاز فراہم کیا جب کے بعد عابد علی 21 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے۔بابر اعظم اور امام الحق نے دوسری وکٹ کے لیے 42 رنز جوڑے جس کے بعد بابر 19 رنز بناکر موزاربانی کے ہاتھوں پوویلین لوٹے ۔

(جاری ہے)

امام الحق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن 58 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے ۔

محمد رضوان بھی تیز کھیلنے کی کوشش میں 14 رنز بناکر چسورو کی گیند پر بولڈ ہوگئے، افتخار احمد بھی صرف 12 رنز بنا کرپوویلین لوٹے۔ حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی لیکن 71 رنز بنا کر بڑی شاٹس کھیلنے کی کوشش کرتے ہوئے سکندر رضا کا شکار بن گئے ،فہیم اشرف اور عماد وسیم نے ساتویں وکٹ کے لیے 42 رنز جوڑے جس کے بعد فہیم اشرف 23 رنز بنا کر پوویلین لوٹے،وہاب ریاض 8 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے جب کہ عماد وسیم 34 اور شاہین آفریدی 8 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے اور پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے موزاربانی اور چسورو نے 2،2 جبکہ سکندر رضا اور کارل ممبا نے ایک ،ایک وکٹ لی۔ یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے بعد 3 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز بھی راولپنڈی میں ہی کھیلی جائے گی ۔ اس میچ کے لیے پاکسانی الیون بابراعظم(کپتان)، امام الحق، عابد علی، حارث سہیل، محمد رضوان، افتخار احمد، فہیم اشرف، وہاب ریاض، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور عماد وسیم پر مشتمل ہے جب کہ زمبابوین ٹیم میں چامو چبھابھا(کپتان)، سکندر رضا، برینڈن ٹیلر(وکٹ کیپر)، برائن چاری، ٹنڈائی چسورو، کریگ ایرون، ویزلے میڈھویرے، کارل ممبا، بلیسنگ مزاربانی، رچرڈ نگاروا اور شان ولیمزشامل ہیں۔