پشاور ، حساس ترین علاقہ ریڈ زون کی حدود سے دوجعلی پولیس اہلکار گرفتار

بدھ 4 نومبر 2020 22:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 نومبر2020ء) شہر کے حساس ترین علاقہ ریڈ زون کی حدود سے دوجعلی پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا، جعلی پولیس اہلکاروں میں سے ایک نے پولیس وردی میں متعددویڈیوز بھی بنا کر ٹک ٹاک پر اپلوڈ کی تھیں جس کی نشاندہی کپیٹل سٹی پولیس کی سوشل میڈیا ٹیم نے کی تھی، گرفتار جعلی اہلکاروں میں سے ایک کا تعلق ضلع ہنگو جبکہ دوسرے کا تعلق پشاور سے ہے جن کے قبضہ سے جعلی کارڈز، پولیس وردی اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، ملزم محمد وسیم کے ساتھ ویڈیو بنانے والے دوسرے ملزم کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تفریحی ایپ ٹک ٹاک پر دو ویڈیوز اپلوڈ کی گئیں تھیں جس میں ایک جعلی پولیس اہلکار کو باوردی حالت میں دکھایا گیا تھا جس کی نشاندہی کپیٹل سٹی پولیس کے سوشل میڈیا ٹیم نے کی تھی جس پر ڈی ایس پی کینٹ حاجی عنایت کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ شرقی انعام خان نے ملزم محمد وسیم ولد سرور شاہ کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم کا تعلق ہنگو سے ہے جو شامی روڈ کے رہائشی صاحبزادہ تیمور حسن کے ساتھ بطور پرائیویٹ گنر ملازم ہے جس نے مالک صاحبزادہ تیمور حسن ولد صاحبزادہ ثمین جان کے ساتھ مل کر پولیس وردی میں ملبوس ویڈیوز بنانے کے بعد ٹک ٹاک پر اپلوڈ کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جس پر اس کے مالک تیمور حسن کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزم محمد وسیم سے پولیس وردی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایک اور کامیاب کارروائی کے دوران جعلی پولیس اہلکار ظفر ولد جان محمد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جس کے قبضہ سے جعلی پولیس کارڈ اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا