ریڈیو اسکولز کے قیام کیلئے ریڈیو پاکستان، وزارت اطلاعات کیساتھ مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کر دئیے

جلد ہی ای تعلیم پورٹل کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں جس کے زریعے ٹیلی اسکولز اور ریڈیو اسکولز کے پروگرامز ایک کلک سے دیکھے جا سکیں گے ، وزیر تعلیم شفقت محمود

جمعہ 20 نومبر 2020 17:12

ریڈیو اسکولز کے قیام کیلئے ریڈیو پاکستان، وزارت اطلاعات کیساتھ مفاہمت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2020ء) وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے فاصلاتی نظام تعلیم کی نمو کیلئے ایک اور سنگ میل کی طرف پیشقدمی کرتے ہوئے ریڈیو اسکولز کے قیام کیلئے ریڈیو پاکستان، وزارت اطلاعات و نشریات کے ساتھ مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کر دئیے ۔مفاہمتی یاد داشت کی تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز ، پارلیمانی سیکرٹری تعلیم وجیہا اکرم، سیکرٹری تعلیم فرح حامد خان، سیکرٹری اطلاعات و نشریات زاہدہ پروین نے شرکت کی۔

ایڈیشنل سیکرٹری محی الدین احمد وانی اور ڈائریکٹر جنرل ریڈیو عنبرین جان نے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے۔ریڈیو اسکولز کا قیام وزیر اعظم پاکستان کے وڑن کی روشنی میں گھروں تک تعلیم کی رسائی کو یقینی بنانے ، کووڈ 19 کے اثرات سے بچوں کو تعلیمی حرج سے بچانے کیلئے نہایت اہم پیشرفت ہے۔

(جاری ہے)

ریڈیو پاکستان کی رسائی پورے پاکستان میں ہونے کی وجہ سے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے بچے وفاقی وزارت تعلیم کے اس اقدام سے استفادہ حاصل کریں گے۔

ریڈیو اسکولز سے صبح کو 10سے 12 بجے تک تعلیمی پروگرام نشر کرے گا جبکہ شام کو دوبارہ انکو نشر مکرر کیا جائے گا تا کہ ورکشاپس میں کام کرنے والے بچے شام کو استفادہ حاصل کر سکیں اور تعلیم کے بنیادی حق سے کوئی محروم نہ رہے۔ انٹرنیٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے بھی ان پروگرامز سے استفادہ کیا جا سکے گا۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ریڈیو اسکولز کا بڑا فائدہ ان بچیوں کو ہوگا جنکی رسائی کسی وجہ سے اسکول تک نہیں حکومت پاکستان کے اس اقدام سے وہ بھی زیور تعلیم سے آراستہ ہونگی۔

ہماری حکومت بچیوں کو تعلیم مہیا کرنے کے لئے تعلیم کو گھروں تک لے کے جارہی ہے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا پچھلے برس جب کووڈ 19 کیوجہ سے تعلیمی عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہوا تو 15 ایام کے اندر وزارت تعلیم نے پاکستان ٹیلی وژن کے تعاون سے ٹیلی اسکول لانچ کئے جس سے 80 لاکھ بچے روز استفادہ حاصل کر رہے ہیں جبکہ جن کی رسائی ٹی وی تک نہیں وہ ریڈیو اسکولز سے استفادہ کریں گے۔

انہوں نے کہا ان اقدامات کا مقصد یہ ہے کہ فاصلاتی نظام تعلیم میں کسی ایک طریقے پر انحصار کی بجائے ہر رائج الوقت طریقے سے استفادہ کیا جائے۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ جلد ہی ای تعلیم پورٹل کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں جس کے زریعے ٹیلی اسکولز اور ریڈیو اسکولز کے پروگرامز ایک کلک سے دیکھے جا سکیں گے وفاقی وزارت تعلیم فاصلاتی نظام تعلیم کی ترقی کے لئے پوری تندہی سے کام کر رہی ہے اور اس ضمن میں وزارت تعلیم میں فاصلاتی تعلیم کے لئے ایک ونگ بھی قائم کر دی ہے۔ وفاقی وزارت تعلیم جلد ہی فاصلاتی تعلیم کی پالیسی لا رہی ہے جو کہ قومی ایجوکیشن پالیسی کا لازمی جزو ہو گی۔