لاکھوں نوجوانوں کی زندگی کو خطرہ ہے، ایم ڈی کیٹ کا امتحان ملتوی کیا جائے: مونس الٰہی

تمام تعلیمی سرگرمیاں اور امتحانات معطل کرنے کے بعد کل کے ڈاکٹروں کو یہ امتحان دینے پر کیوں مجبور کیا جا رہا ہے

بدھ 25 نومبر 2020 22:26

لاکھوں نوجوانوں کی زندگی کو خطرہ ہے، ایم ڈی کیٹ کا امتحان ملتوی کیا ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 نومبر2020ء ) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مونس الٰہی ایم این اے نے کورونا کی دوسری زبردست لہر کے پیش نظر MDCAT کے امتحان کے انعقاد پر فوری نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے اور امید ظاہرکی ہے کہ حکومت اس امتحان میں شامل ہونے والے امیدواروں کے تحفظ کیلئے اسے فی الحال معطل کر دے گی۔

(جاری ہے)

مونس الٰہی نے کہا کہ اب جبکہ حکومت نے COVID-19 کی وجہ سے تمام تعلیمی سرگرمیوں و امتحانات کو معطل اور تعلیمی اداروں کو بند کر دینے کا اعلان کیا ہے تو لاکھوں نوجوانوں کو 29 نومبر کو ایم ڈی کیٹ MDCAT کا امتحان دینے پر کیوں مجبور کیا جا رہا ہے اس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل جو نوجوان ڈاکٹر بن کر دوسروں کی زندگی بچائیں گے آج ان کی زندگی کو کیوں خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔