سعودی حکومت کن لوگوں کو ویکسین لگائے گی، اعلان کر دیا گیا

سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں ویکسین 16 سال سے زائد عمر کے 70 فیصد لوگوں کو لگائی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 26 نومبر 2020 15:32

سعودی حکومت کن لوگوں کو ویکسین لگائے گی، اعلان کر دیا گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،26 نومبر2020ء ) سعودی حکومت کی جانب سے چند روز قبل اعلان کیا گیا تھا کہ مملکت میں کورونا وائرس کی ویکسین جلد لائی جائے گی اور تمام مقامی اور غیر ملکی افراد کو یہ ویکسین لگائی جائے گی۔ اس حوالے سے سعودی حکومت کا ایک تازہ بیان آ گیا ہے کہ مملکت میں تمام لوگوں کو ویکسین نہیں لگائی جائے گی، بلکہ16 سال سے زائد عمر افرادمیں سے 70 فیصد کو یہ ویکسین لگائی جائے گی۔

جبکہ جن افراد کو پہلے کورونا ہو چکا ہے، انہیں یہ ویکسین نہیں مہیا کی جائے گی۔ سعودی وزارت صحت کے سیکریٹری برائے پریوینٹو ہیلتھ ڈاکٹر عبداللہ اسیری نے بتایا کہ اگلے برس 2021ء کے ابتدائی ماہ سے کورونا ویکسین دستیاب ہونے کا امکان ہے جس کے بعد فوری طور پر یہ ویکسین ان 70 فیصد 16 سال سے بڑے افراد کو لگائی جائے گی جو پہلے اس موذی مرض کا شکار نہ ہوئے ہوں، یا جو ابھی تک اس وائرس سے محفوظ ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی عرب نے ادویات فراہم کرنے والی کمپنی کوویکس آرگنائزیشن سے رجوع کر لیا ہے، جو ویکسین تیار کرنے والی ادویہ ساز کمپنیوں سے یہ ویکسین حاصل کر کے پوری دنیا میں سپلائی کرتی ہے۔ اب تک چین، امریکا، برطانیہ اور جرمنی کی ادویہ ساز کمپنیوں نے ویکسین کی تیاری کا دعویٰ کیا ہے ۔واضح رہے کہ سعودی عرب کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا کی کامیاب ویکسین بنانے میں سعودی حکومت کا بھی ایک اہم کردار ہے۔

اس ویکسین کی تیاری کے لیے کی جانے والی ریسرچ کے لیے سعودی حکومت نے بھی فنڈز فراہم کیے تھے۔ شاہ سلمان امدادی مرکز کے نگران اعلی ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسین کے بارے میں حالیہ نتائج بے حد حوصلہ افزا ہیں۔ جمعے کے روز اپنے ایک بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کرونا کی ویکسین حاصل کرنے والے اولین ممالک میں سے ہو گا ... مملکت کرونا کے لیے تیار کی گئی بہترین ویکسین حاصل کرے گا"۔الربیعہ کے مطابق سعودی عرب نے کرونا ویکسین کی تیاری کے سلسلے میں ہونے والی تحقیق کے لیے مالی سپورٹ پیش کی۔