بلوچستان بار کونسل کی جانب سے بلوچستان کے وکلاء کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے سابقہ عہدیداروں نے کام نہیں کئے ،امیر محمد ترین ایڈووکیٹ

بلوچستان بار کونسل کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار سیداخترشاہ ایڈووکیٹ کابلوچستان ہم خیال وکلاء پینل کے نامزدامیدوار ملک محمد عظیم ایڈووکیٹ کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان

جمعہ 27 نومبر 2020 20:31

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2020ء) بلوچستان بار کونسل کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار سیداخترشاہ ایڈووکیٹ نے بلوچستان ہم خیال وکلاء پینل کے نامزدامیدوار ملک محمد عظیم ایڈووکیٹ کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو وزیراعلیٰ بلوچستان کے کواڈی نیٹر امیر محمد ترین ایڈووکیٹ،ملک محمد عظیم ایڈووکیٹ اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

امیر محمد ترین ایڈووکیٹ نے کہا کہ بلوچستان بار کونسل کی انتخابات ہفتہ 28نومبر کو منعقد ہورہے ہیں اور بلوچستان کے وکلاء کیلئے بار کونسل کی بڑی اہمیت ہے اوریہ انتخابات پانچ سال کیلئے ہوتے ہیں اس بارکونسل کے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے ہم نے بلوچستان ہم خیال وکلاء پینل کے پلیٹ فارم سے بار کونسل کی 7میں سے 4نشستوں پراپنے امیدوار نامزد کئے ہیں جن میں کوئٹہ کی سیٹ پر ملک محمد عظیم ایڈووکیٹ،لسبیلہ کم گوادر(ساوتھ ریجن) کی سیٹ پر شبیررندایڈووکیٹ اور سبی کم نصیرآباد کی سیٹ پرامجد حسین کھوسہ ایڈووکیٹ شامل ہیں انشاء اللہ انتخابات میں ہمارے امیدواروں کی کامیابی کے قوی امکانات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان بار کونسل کی جانب سے بلوچستان کے وکلاء کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے جو کام ہونے تھے بدقسمتی سے تمام تر وسائل کے باوجود سابقہ عہدیداروں نے نہیں کئے جس کی وجہ سے بلوچستان کے وکلاء بے شمار مسائل کا سامنا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان ہم خیال وکلاء پینل کے امیدوار کامیاب ہوکر وکلاء کی بھر پور خدمت کریں گے اورانکے مسائل کے حل کیلئے بھر پوراقدامات اٹھائیں گے۔

انہوں نے سید اخترشاہ ایڈووکیٹ کو بلوچستان ہم خیال وکلاء پینل کے نامزدامیدوار ملک محمد عظیم ایڈووکیٹ کے حق میں ستبردار ہونے پر انکا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سیداخترشاہ ایڈووکیٹ نے بلوچستان ہم خیال وکلاء پینل کے نامزدا میدوار ملک محمد عظیم کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے اوراپنے ساتھی وکلاء کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔